آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹٹ کی جانب سے تیار کردہ دولومچ، سین لشٹ کے لئے پینے کے پانی کے سکیم کا افتتاح

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)چترال کے مضافاتی علاقے دولومچ اور سین لشٹ کی تقریبا چار ہزار آبادی کے لئے آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹٹ کی جانب تیار کردہ پینے کی پانی کے تیار منصوبے کاایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین نے باقاعدہ افتتاح کردیا۔ پانچ سو سے زائد گھرانوں پر مشتمل علاقے کے لئے مذکورہ ادارے نے یہ منصوبہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل۔ AKAH کے سینئر انجینئر الطاف حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ دریا کے کنارے 29 فٹ گہرائی تک کھودئی کرکے تالاب بنایا گیا اس گہرائی میں موجود پانی قدرتی طور پر فلٹر ہو کر پینے کے قابل بن جاتا ہے۔ اس قدرتی طور پر فلٹر شدہ پانی کو 6 انچ پائپ کے ذریعے پمپ کے ذریعے سطح سمندر سے 200 فٹ اوپر دولومچ کالونی تک پہنچایا گیا جہاں اس کے لئے واٹر ٹینک بنائے گئے ہیں وہاں پانی مقامی دیہات کو سپلائی کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی اوپر پہنچانے کے لئے دو عدد 180 ہارس پاور کے موٹر نصب کئے گئے ہیں جو 26 لیٹر فی سکینڈ کے حساب سے پانی اوپر پہنچاتے ہیں۔
افتتاح کے بعد اے ڈی سی چترال منہاس الدین ، محمد کرم اور علاقے کے عمائدیں نے اوپر جاکر واٹر ٹینک کا معائنہ بھی کیا۔ بعد میں اس سلسلے میں کمیونٹی بیسڈ سکول دولومچ میں ایک تقریب کمیونٹی کی طرف سے منعقد کی گئی جس سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں اور عمائدیں علاقہ نے خطاب کیا ۔ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی منہاس الدین نے کہا کہ آغا ایجنسی فار ہبیٹیٹ چترال میں واقعی ایک کامیاب ترین برانڈ کی حیثیت حاصل کرچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پرائیویٹ اداروں کے مشکور ہیں جو حکومت کے شانہ بشانہ چترال کی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں جس سے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوجاتی ہے۔ صوبے کا سب سے بڑا ضلع اور وسائل کی کمی کی وجہ سے عوام کو تمام سہولیات بہم پہنچانا ایک مشکل امر ہوتا ہے اس میں آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹ جیسے ادارے کردار ادا کرکے حکومت کا ہاتھ بٹا رہے ہیں جس کے لئے ہم ان کے مشکو رہیں۔
ریجنل پروگرام منیجر AKAH محمد کرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹٹ اب تک اپنے مختلف منصوبوں کے ذریعے چترال کے 87 ہزار افراد کو پینے کا پانی فراہم کرچکا ہے اور ان کے تمام منصوبے پورے ملک خاص طور پر چترال میں ایک برانڈ کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔ انہوں نے دولومچ واٹر سپلائی سکیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے خاص طور واٹر ٹینک کے لئے زمین فراہم کرنے پر کرنل شریف اور شہزادہ ریاض کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے لیاقت علی، ظہران شاہ اور دیگر عمائدیں علاقہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم AKAH کے شکر گزار ہیں جس سے علاقے کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارے لئے اتنے بڑے منصوبے کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا۔ یہ دولومچ کالونی پہلا کامیاب پینے کے پانی کا منصوبہ ہے۔ ہم حکومت سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے وسائل سے بھی علاقے کے مزید مسائل کو حل کرنے میں عوام کی مدد کرے گی۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔