اے سی مستوج کے روئیے کے خلاف سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پٹواریوں اور قانونگوؤں کاآج سے غیر معینہ ہڑتال کا اعلان

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پٹواریوں اور قانونگوؤں نے آج سے اسسٹنٹ کمشنر مستوج کے روئیے کے خلاف غیر معینہ ہڑتال کا اعلان کردیا جس نے منگل کے دن بونی میں سیٹلمنٹ آفس آکر عملے کو باہر نکال کر دفتر کو تالا لگا دیا تھا ۔ انجمن پٹواریاں و قانونگویان چترال کے صدر قادر امان کے زیر صدارت اجلا س میں اے سی مستوج عنایت اللہ کی طرف سے مبینہ طور پر بونی کے سیٹلمنٹ آفس میں اسٹاف کو گالی دے کرزبردستی باہر نکال کر دفتر کو تالا لگانے ریکارڈ کو پھاڑنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے کار سرکار میں مداخلت بھی قرار دیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ اے سی مستوج اور ان کے ہمراہ تحصیلدار موڑکھو رب نواز کو فوری طور پر برطرف کئے جائیں اور کار سرکار میں مداخلت پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے۔ انہوں نے اے سی مستوج اور تحصیلدار موڑکھو سے غیرمناسب رویئے پر غیر مشروط تحریری معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دریں اثناء جب اے سی مستوج عنایت اللہ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ بونی میں ایک قطعہ اراضی پر دو گروپو ں کے درمیان تنازعہ چلاآرہا ہے جوامن وامان کے لئے بھی خطرہ ہے اور اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر جب انہوں نے سیٹلمنٹ اسٹاف کو ریکارڈ لے کر ان کے ساتھ موقع پر جانے کا کہہ دیا تو انہوں نے حکم عدولی کی جس پر انہوں نے دفتر کو تالا لگادیا لیکن بعدازاں اسے کھول دیا ہے اور اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔