تازہ ترین

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا پیر کی شام چمکنی پولیس اسٹیشن کااچانک دورہ

پشاور(چترال ایکسپرس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان پیر کی شام کو اچانک چمکنی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ اس موقع پر وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اچانک دورے کے دوران تھانے کا رجسٹر چیک کیا اور ایک ماہ کے دوران درج ہونے والی ایف آئی آرز کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے حوالات کا معائنہ کیا اور مختلف جرائم میں گرفتار ملزمان سے ان کے جرم کے بارے میں بھی دریافت کیا اور اُنہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل حل کئے جائینگے۔ انہوں نے پولیس روزنامچہ ، مختلف بیرکس ، حوالات اور ایف آئی آر کے اندراج کا معائنہ بھی کیا ۔ وزیراعلیٰ کو روزمرہ چھوٹے بڑے لڑائی جھگڑوں، شکایات اور حوالاتیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ ۔وزیراعلیٰ نے پولیس کو حوالاتیوں کی جائز شکایات کا ازالہ کرنے اور قانونی طریقہ کار کو فالو کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ہماری پولیس نے اپنی کارکردگی کی وجہ سے نام کمایا ہے۔صوبائی حکومت نے پولیس کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ہماری حکومت نے پولیس میں ہر قسم کی سیاسی مداخلت کی بیخ کنی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو خود مختاری دی گئی ہے اور پولیس نے سخت حالات میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے جو کہ پولیس اور صوبائی حکومت کیلئے باعث فخر ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری پولیس نے نامساعد حالات میں صوبے کیلئے اپنی خدمات اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی پولیس ااپنی بہترین کارکردگی کی وجہ سے اب ایک فائٹنگ فورس بن چکی ہے۔معاشرے میں جرائم کی حوصلہ شکنی اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف اقدامات اُٹھانے میں پولیس نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کو آپریشنل اور انویسٹی گیشنل کے شعبوں پر مزید توجہ مرکوز کرنی چاہئیے تاکہ پولیس کی استعداداور پروفیشنل سطح میں مزید بہتری لائی جاسکی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو جرائم کے خاتمے کیلئے ہر ممکن سہو لیات فراہم کی جا ئیں گی تاکہ لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ صوبے میں پولیس کی کارکردگی مثالی رہی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پولیس اپنی کارکردگی اور خدمات کو مزید بہتر بنائے گی اور عام لوگوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ پولیس اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کے دورے کو اپنے لئے حوصلہ افزاء قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے دوروں سے پولیس کے مورال بلند ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس کودرپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔


اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ مواد

إغلاق