تازہ ترین

وزیر اعلیٰ کی مانسہرہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پی ٹی آئی اُمیدوار کو مبارکباد

پشاور(چترال ایکسپریس)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے30 مانسہرہI کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوارا سیداحمد حسین شاہ کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور اُن کی فتح کوپارٹی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت اور صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہر قرار دیا ہے،انہوں نے کہاکہ مخالفین اپنا منہ دیکھتے رہ گئے اور تحریک انصاف نے میدان مارلیا،عوام کا پی ٹی آئی پر اس سے زیادہ اعتماد اور کیا ہو سکتا ہے۔ اُنہوں نے سید احمد حسین شاہ کے نام جاری تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ یہ واضح کامیابی عمران خان کی قیادت اور پی ٹی آئی پر مانسہرہ کے لوگوں کے غیر متزلزل اعتماد کی غمازہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آئے روز بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ یہی ہے کہ گزشتہ چھ دہائیوں سے جاری استحصالی نظام اور روایتی موروثی سیاستدانوں سے تنگ عوام حقیقی معنوں میں تبدیلی چاہتے ہیں ،لوگ اپنے مستقبل کیلئے صرف پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہیں ۔صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات کے مثبت اثرات اور نتائج ہر سطح پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف عام آدمی کی فلاح کیلئے کوشاں ہے مفاد پرست موروثی سیاستدان تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور قانون سازی کا حق ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مخلصانہ کردار ادا کریں گے اور سرکاری محکموں اور اداروں سے کرپشن و اقرباء پروری کا خاتمہ کرکے انہیں عوامی توقعات کا آئینہ دار بنانے کے مشن میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے اُنہوں نے سیاسی بالغ نظری اور کھوٹے اور کھرے کی پہچان پر مانسہرہ کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔


اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ مواد

إغلاق