وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں اہم عمارتوں کے سنگ بنیاد کا افتتاح

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں اہم عمارتوں خصوصاً آئی ٹی انڈسٹریل انوویشن ریسرچ سنٹرکے سنگ بنیاد کا افتتاح کر دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اسلامیہ کالج پشاور کیلئے پانچ کروڑ گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے اور خاص طور پر تعلیمی اداروں میں آئس نشے کے خاتمے کے خلاف جہاد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پختون قو م کے نام پرمزید سیاست نہیں ہونے دیں گے ۔ اس صوبے نے بہت عرصہ جنگ میں گزارا ہے ، اب ہم نے اپنے بچوں کو تعلیم کے زیو ر سے آراستہ کرنا ہے ۔ ہم نے آنے والے نوجوانوں کیلئے روشن مستقبل کی طرف راہ ہموار کرنا ہے ۔اب یہ صوبہ امن کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ تحریک انصاف کا منشور ہے کہ ہم نے پورے ملک اور خاص طور پر خیبرپختونخوا میں تعلیم اور نوجوانوں پر خرچ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کی اہم عمارتوں خصوصاًآئی ٹی انڈسٹریل انوویشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش، ممبر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہائیر ایجوکیشن ارباب وسیم ، لیفٹنٹ جنرل و سابقہ گورنر علی محمد جان اورکزئی ، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب ، میجرجنرل احسان ، بریگیڈئر اشفاق متلا، ایم پی اے پیر فدا ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن و دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔اسلامیہ کالج کے ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر ظہور جان نے وزیراعلیٰ کو اسلامیہ کالج میں ان نئی عمارتوں ، آئی ٹی انڈسٹریل انوویشن سنٹر اور دوسرے مختلف پراجیکٹس اور اُن کی لاگت پر تفصیلی بریفینگ دی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُنہیں بہت اچھا لگا کہ وہ اسلامیہ کالج آئے کیونکہ اُنہوں نے یہاں سے گریجویشن کیا ہے ۔ آج میرے لئے اور اسلامیہ کالج کیلئے ایک تاریخی دن ہے ۔ اسلامیہ کالج کی جدید تقاضوں پر استواری میرے لئے اور صوبائی حکومت کیلئے اعزاز کی بات ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ آئس نشے کے خاتمے کے خلاف حکومت کا ساتھ دے تاکہ صوبے کو اس ناسور سے چھٹکارا دلا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تحریک انصاف کو اس صوبے میں دوبارہ اقتدار میں لا کر تاریخ رقم کر دی ہے اور یہ اس بات کی دلالت کر تی ہے کہ تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جس پر لوگوں کا اعتماد ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس اعتماد کو مزید مضبو ط بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ نام نہاد پختونوں کے نام پر اپنی سیاسی دُکان چمکانا چاہتی ہے میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب مزید پختون کے نام پر نہ تو سیاست چلے گی اور نہ جنگ ۔ پختون کا نام دوبارہ استعمال نہیں ہو گااور نہ ہی اس نام کا استحصال ہو گا۔ ہم سب پختون ہیں اور میں بھی ایک پختون ہوں ۔ ہم پختونوں نے انہی نام نہادوں کی وجہ سے تقریبا14 سال حالت جنگ میں گزارے ہیں اب یہ صوبہ امن کی طرف بڑھ رہا ہے ہم سب نے اس امن میں اپنا حصہ ڈالنا ہے ۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر آج پختونوں کی ہی حکومت ہے ۔ ہم نے اپنے بچوں کے ہاتھ میں قلم دینا ہے ۔ اپنی مٹی کو امن کی طرف لے کر جانا ہے ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اسلامیہ کالج کے طلباء اور اساتذہ اس ادارے اور صوبے میں امن اور خوشحالی و ترقی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اسلامیہ کالج کو عالمی سطح کی یونیورسٹی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ تقریب سے وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاورپروفیسر ڈاکٹر حبیب نے بھی نے خطاب کیا۔ اسموقع پروزیراعلیٰ کی موجود گی میں اسلامیہ کالج اور ایف ڈبلیو او کے درمیان مختلف مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔