وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کا سوات ایکسپریس وے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت

ُنوشہرہ(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان نے سوات ایکسپریس وے کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے نوشہرہ میڈیکل کالج کی تیز تر تکمیل کیلئے محکمہ پی اینڈ ڈی ، صحت اور خزانہ کو مل بیٹھ کر فنڈز فراہم کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ کابل ریور پل کی تکمیل کیلئے تجاوزات کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔انہوں نے سوات موٹروے کی توسیع اور اس میں باقی روڈز شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک سٹی نوشہرہ پر اپریل میں کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ برنگ ٹنل کو سوات ایکسپریس وے سے منسلک کیا جائے گااور وہاں پر انٹر چینج کی تعمیر ممکن بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیو او کی زیر نگرانی صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ تیمور سیلم جھگڑا، وزیر صحت ہشام انعام اﷲ، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ایس ایم بی آر، خزانہ، صحت، پی اینڈ ڈی، ہاؤسنگ، سی اینڈ ڈبلیو، مائنز اینڈ منرل کے محکموں کے سیکرٹریز و ڈی جی ز ، ڈپٹی کمشنرز نوشہرہ، ہر ی پور، کرک، سی ای او کے پی او جی سی ایل، سی ای او کے پی ازمک، پی ڈی سوات ایکسپریس وے ، پی کے ایچ اے کے حکام و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو سوات ایکسپریس وے ، نوشہرہ میڈیکل کالج ، کابل ریور پل نوشہرہ ، کرک آئل ریفائنری ، سی پیک سٹی نوشہرہ اورسمینٹ پلانٹ ہری پورمنصوبوں میں پیش رفت پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔اجلاس کو سوات ایکسپر یس وے پر دونوں ٹنل کو اگست میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیراعلیٰ کوصوبہ خیبرپختونخوا میں ایف ڈبلیو کے زیر نگرانی مستقبل کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہری پور میں سیمنٹ پلانٹ کے قیام کیلئے عدالت سے سروے کی اجازت مل گئی ہے اور بہت جلد یہ سروے کرائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ منرل اور مائنز ڈیپارٹمنٹ ،پی کے ایچ اے اور ایف ڈبلیو او مل بیٹھ کر 30 دن میں اپنے تمام مسائل حل کرے۔انہوں نے مزید کہاکہ اگلے اجلاس سے پہلے پہلے تمام ایشوز حل ہونے چاہئیں ۔ وزیراعلیٰ نے سوات ایکسپریس وے پر ڈائی ورژن جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سی پیک سٹی نوشہرہ کے حوالے سے بھی تمام مسائل جلد سے جلد حل کئے جائیں تاکہ اس پر جلد سے جلد کام شروع کیا جا سکے ۔ وزیراعلیٰ نے کرک آئل ریفائنری کے حوالے سے کہا ہے کہ ایف ڈبلیو او اس کے لئے طریقہ کار وضع کر کے اس پر کام شروع کرے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کرک کو فنڈز کی فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیواو کے چھوٹے چھوٹے پراجیکٹس جو مکمل ہو چکے ہیں ان کے بقایا جات ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے قبائلی ضلع مہمند کے ناکی ٹنل میں بجلی کی فراہمی ممکن بنانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ایف ڈبلیو او حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز تر کیا جائے انہوں نے کہاہے کہ صوبائی حکومت اپنے عوام کیلئے بہتر سہولیات کی فراہمی ہر لحاظ سے ممکن بنائے گی ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔