چترال میں اے کے ایچ کی شراکت سے چلنے والی ہسپتال محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے حوالے کرنا عوامی مفاد میں نہیں۔سلطان وزیر

چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)سابق کمشنر ان لینڈ ریونیو حکومت پاکستان اور اے پی ایم ایل چترال کے سابق صدر سلطان وزیر نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ گرم چشمہ ،شاگرام تورکہو اور مستوج کے ہسپتال آغا خان ہیلتھ کی شراکت سے بہترین طبی خدمات انجام دے رہی ہیں۔اُنہوں نے اس خبر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ یہ ہسپتال واپس محکمہ صحت خیبر پختونخواہ کی مکمل تحویل میں دینے کی کوشش کی جارہی ہیں۔اُنہوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ایم این اے چترال زمینی حقائق کے برعکس ان کوششوں میں مصروف ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سرکاری انتظام کے اندر ان ہسپتالوں کی حالات ناگفتہ بہہ تھی اور گندگی کا ڈھیر بن چکی تھیں۔موجودہ وقت میںیہ ہسپتال بہترین نظم ونسق کے ساتھ چلائے جارہے ہیں۔علاج کے سہولیات بہترین ،صفائی کا بہترین انتظام ہے اور ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔اُنہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہسپتال محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے حوالے کرنے کی صورت میں ان کا بھی وہی حال ہوسکتا ہے جوکہ موجودہ بونی ہسپتال کا ہے۔اُنہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مالی بحران کے اندر یہ ہسپتال واپس سرکاری نگرانی میں دینا کونسی دانشمندی کا کام ہوگا۔اُنہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ اگر ان ہسپتالوں کے اندر کوئی اصلاحی کام کرنے کی ضرورت ہے تو آغا خان ہیلتھ کے ارباب اختیار کے ساتھ باہمی گفت وشنید کے ذریعے ایسے کام کرائے جاسکتے ہیں۔نظام کو درہم برہم کرنا کوئی دانشمندی کا کام نہیں۔اُنہوں نے اس بات کا انتباہ کیا ہے کہ اس قسم کے غلط فیصلوں اور گروہی سیاست کی سختی کے ساتھ مخالفت کی جائے گی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔