آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ  کے زیر اہتمام نعت خوانی کی پررونق محفل

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جہاں ہر کوئی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے میں لگا ہوا ہے آغاخان ہائیر سیکنڈری سکول  سین لشٹ چترال نے بھی حسب روایت نعت خوانی کی پررونق محفل کا انعقادکیا جس میں لوئر چترال کے  تقریباًسترہ مختلف سکول اور کالجز میں زیر تعلیم بچوں نے رحمت العالمینؐ کے حضور  نذرانہ عقیدت  بصورت نعت  پیش کیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس بابرکت محفل کے مہمان خصوصی  خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان جبکہ  صدر محفل محمد افضل صدر ریجنل کونسل لوئر چترال تھے ۔

مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں انتظامیہ کا اتنی پررونق محفل منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تقریبات سے نئی نسل اپنی اقدار اور اسلام کی روحانی پہلو ؤں سے آگاہی حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا

کہ ہم نہ تو مکمل طور پر پیغمبرﷺ کے تعلیمات پر عمل کرنے کو تیار ہیں اور نہ ہی قائد اعظم کے افکار پر عمل کرکے اپنے ملک کی بہتری کے لئے کام کرنے پر تیار ہیں ہم دونوں کے ساتھ غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ خاص طور پر نوجوان نسل کو اسلام کی تعلیمات اور پاکستان بنانے کے مقاصد پر اپنی معلومات میں اضافہ کرکے ان پر عمل کرنے کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیاوی اور اُخروی دونوں جہانوں میں کامیابی حاصل کرسکیں۔

 تقریب کے مہمان مقرر مذہبی اسکالر محمد رحیم نے نوجوان نسل پر زور  دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نبیٔ محترم ؐ کی زندگی کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔ کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم   جن  اخلاقی ،سماجی اور مذہبی اقدار کی تعلیم دی پہلے ان پر عمل کرکے دیکھایا۔ اس لیے وہ اقدار آج کے   جدید دور میں بھی ایسے ہی قابل عمل ہیں   جیسے چودہ سو سال پہلے قابل عمل تھے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرکے کہا  کہ وہ وقت کی قدر کرنا سیکھیں اپنے سیکھنے کے عمل میں تعمیری پہلوؤں کو شامل کریں تاکہ آپ کی قابلیت سے آپ کی ذات اور آپ کے اردگرد کے لوگوں اور مملکت خداداد کو فائدہ پہنچے۔

صدر محفل محمد افضل نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ رمضان کے مہینے کو اپنی روحانی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے استعمال کریں جس طرح رمضان کے مہینے میں ہم گناہوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اسی طرح یہ پریکٹس سال بھر جاری رکھ ہم بہترین امتی اور نیک انسان بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں راوادری اور امن کا پیغام دیتا ہے اور بطور مسلمان ہمارا فرض بنتا ہے کہ اسلام کے اس آفاقی پیغام پر خودبھی عمل کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں۔

نعتیہ محفل کا آغاز گورنمنٹ ہائی سکول بلچ  کے طالب علم   کاشف احمد نے کیا اور یوں رحمتیں سمیٹنے کا یہ سلسلہ مسلسل کئی گھنٹے جاری رہا۔جن میں  آفاق احمد، الخدمت فاؤنڈیشن  سکول قتیبہ کیمپس، نعیم اللہ گورنمنٹ سنٹینئل ہائی سکول چترال، انیق احمد، آغاخان ہائیر سیکنڈری سکول چترال، فرداد حسین اسلامک گرامر سکول، منیر احمد، نیت علی، چترال ماڈل سکول، تنویر احمد، ایگل آئی سکول، فہیم الدین، سکول آف نالج اینڈ سائنس، فرقان، بشیر الدین، چترال پبلک سکول، کاشف اعظم، حذیفہ اختر، دروش پبلک سکول، اعجاز الحق اور مسعود عالم، فرنٹئیر کور سکول چترال، اشفاق الرحمان اور نذیر حسین، گورنمنٹ ہائی سکول دروش،نثار احمد اور محمد علی، ڈائمنڈ سکول اینڈ کالج، شاہ زیب علی اور ہمنوا، سی بی ایس سکول دولومچ نے نعت شریف پیش کرکے خود بھی رحمتیں  سمیٹیں  اور حاضرین محفل کو بھی مدینے کی گلیوں کی سیر کراتے رہے۔

تقریب کے اختتام  آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان اور چترال کے جنرل منیجر  بریگیڈئر(ر) خوش محمد نے مہمانانِ گرامی کا ادارے کی جانب سے شکریہ ادا کیا ۔

 اس کے بعد نعت خوان بچوں میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے اور مہمانانِ گرامی کو سکول انتظامیہ کی جانب سے سوئنیر پیش کیےگئے۔ تقریب میںخطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان، معروف اسکالر محمد رحیم ، محمد افضل، ،خوش محمدصدر ریجنل کونسل لوئر چترال، بریگیڈئر (ر)خوش محمد جی ایم، جی بی سی،معروف مذہبی اسکالر علی اکبر قاضی، پروفیسر ظہور الحق دانش، پروفیسر جاوید فاروقی، مفتی عتیق الرحمان ،طفیل نوازپرنسپل آغاخان ہائیر سیکنڈری سکول چترال،، مختلف سکولوں کے پرنسپلزکے علاوہ کثیر تعداد میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔