پاکستان زندہ باد فٹ بال فیسٹیول کا آغاز دروش میں ہو گیا، کرنل خرم نذیر نے افتتاح کیا

دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس) آئیڈئل کلب دروش اور چترال پوسٹ کے زیر اہتمام کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں پاکستان زندہ باد فٹ بال فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔چترال سکاؤٹس 145 ونگ کے کمانڈرلیفٹیننٹ کرنل خرم نذیر نے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل خرم نذیر نے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد صحت مند معاشرے کے لئے انتہائی اہم ہے، اسے سے نوجوانوں میں مقابلے اور سبقت کا جوش اور ولولہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا چترال میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور مواقع میسر آنے سے چترال کے کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال سکاؤٹس ہمیشہ سے چترال بھر بالخصوص دروش میں تمام کھیلوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتی آئی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین کی خصوصی ہدایت پر 145ونگ دروش نے مقامی کلبوں کے ساتھ ملکر کرنل مراد اسٹیڈئم میں بہتری لائی، اسکے علاوہ دروش میں پولو گراؤنڈ کی ضروری اور مناسب مرمت کے بعد کم از کم بیس سال بعد پولو کے کھیل کو بحال کردیا گیا، اسکے ساتھ ساتھ پاک آرمی نے اوسیک میں کرکٹ اسٹیڈئم اور فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر کرکے علاقے میں تمام کھیلوں کے لئے مواقع فراہم کردئیے ہیں۔لیفٹیننٹ کرنل خرم نذیر نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں انکی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے چترال سکاؤٹس مزید اقدامات کریگی۔اس موقع پر موجود کھلاڑیوں اور کلبوں کے ذمہ داروں نے کھیلوں کی سرپرستی پر چترال سکاؤٹس کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان زندہ باد فٹ بال فیسٹیول میں ضلع بھر سے چھتیس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی میچ ایون ٹیم نے رائزنگ سٹار بازار کو ہرایا، جبکہ سٹار الیون دادخندوری نے آئیڈیل کلب کو شکست دی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔