سیاح چترال کے مہمان ہیں ان کو سہولت دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،ڈی سی لوئر چترال نوید احمد

چترال ( محکم الدین ) ڈپٹی کمشنر لوئرچترال نوید احمد نے کہا ہےکہ سیاح چترال کے مہمان ہیں ان کو سہولت دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی کیونکہ سیاحتی آمدنی سے ہی چترال کو معاشی طورپرمستحکم کیا جاسکتاہے.ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کالاش ویلی بمبوریت کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر آرکیالوجی خیبرپختونخوا ڈاکٹرعبد الصمد ,ناظم ویلج کونسل ایون ون مجیب الرحمن ,انچارج چترال میوزیم مس سید گل و دیگر موجود تھے .ڈپٹی کمشنر نے کالاش میوزیم کی وزٹ کی .اور کراکال گاؤں میں عمائدین سے ملے .بمبوریت موزیم انچارج اکرام حسین نے کالاش ثقافت سے متعلق تمام نودرات اور مذہبی طور پر ان کی اہمیت کے بارے میں بتایا. ڈاکٹر صمد نے کالاش ویلی کی تاریخی اور سیاحتی نقط نگاہ سے بیرونی دنیا اوراندرون ملک اہمیت پر روشنی ڈالی اور شیخاندہ گاؤں سے آگے اوستوئے کے سیاحتی مقام تک پہنچنے کیلئے روڈ کی تعمیر کو انتہائی ضروری قرار دیا . اور ڈپٹی کمشنر سے پر زور مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی تعمیر پربھرپورتوجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ کالاش قبیلے کے لوگ منفرد تہذیب کے حامل ہیں اور یہی انفرادیت ان کو قدیم ترین تہذیب کے حامل دیگر لوگوں سے ممتاز بناتی ہے .اس موقع پر ناظم ویلج کونسل ون ایون نے وادی کے اندر ہوٹلوں اور کاروباری مراکز میں جا بجا ٹھوس کچروں کی بہتات اور پانی کی آلودگی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وادی کے ماحول اور نالے کے پانی کو صاف رکھنے کیلئے ہوٹلوں کو اپنے کچرے سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کا پابند بنایا جائے انہوں نے ایون کے لوگوں میں پانی کی آلودگی کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا .ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ وادی بمبوریت سیاحتی ایریا ہے یہاں کسی کو بھی آلودگی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ کچروں کو جمع کرنے اور انہیں ٹھکانے لگانےکیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا .

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔