گرم چشمہ میں گاڈو کے نومنتخب بورڈ کی تقریب حلف برداری

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین نے کہا ہے کہ گرم چشمہ ایر یا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (گاڈو) نے گرم چشمہ ویلی کے عوام کودیہی اشتراک کی بنیادوں پر علاقے کی ترقی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور انہیں متحد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ جذبہ اور سپرٹ برقرار رہنا چاہئے۔ گزشتہ دنوں گرم چشمہ کے مقام پر گاڈو کے نومنتخب بورڈ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چند سال پہلے گرم چشمہ کے عوام کی اتحاد واتفاق کا جذبہ اس وقت عملی طورپر دیکھا گیا جب علاقے کے عوام نے گرم چشمہ سے شوغور تک سڑک کو خود مرمت کرکے ٹریفک بحال کردی اور انہوں نے حکومت کی آمد کا انتظار نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ دوراہ پاس کوکھولنے میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے جہاں اب حالات پر امن ہیں اور ارندو بارڈر سمیت شاہ سدیم کے کھلنے کی وجہ سے یہاں ترقی کا عمل تیز ہوگا اور لوگوں کو روزگار کے ذرائع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مقامی افراد پر زور دیاکہ وہ اپنی زمینات کواونے پونے داموں بیچنے سے گریز کریں اور خود محنت مزدوری کرکے کاروبار شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر چند افراد حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔ اس موقع پر سی سی ڈی این کے چیرمین سرتاج احمد خان اور گرم چشمہ سے ضلع کونسل کے رکن محمدحسین اور مقامی معتبرات نے بھی خطاب کیا اور علاقے میں گاڈو کے خدمات کی تعریف کی اور دوراہ پاس کے کھولنے کی اجازت دینے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل گاڈو کے نومنتخب چیرمین نذورشاہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا جن سے کرنل معین الدین نے حلف لیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔