سابق صدرپرویز مشرف کے پھانسی کی سزا کے خلاف چترال میں اے پی ایم ایل اور چترال مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کا احتجاجی مظاہرہ

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) سابق صدر پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا کے حکم پر چترال کے لوگوں نے انتہائی دُکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے پُر زور مطالبہ کیا ہے۔ کہ اُن کے سزا پر نظر ثانی کی جائے۔ اور اُن کے نام کے ساتھ غداری کے الفاظ کو کسی صورت منسوب نہ کیا جائے۔ کیونکہ چالیس سال پاکستان کیلئے خدمات انجام دینے والا، تین جنگہوں میں حصہ لینے والا پاکستان کا سپہ سالار اور صدر کسی بھی صورت غدار نہیں ہو سکتا۔ بدھ کے روز پی آئی اے چوک چترال میں آل پاکستان مسلم لیگ، تجار یونین چترال، ڈرائیوؤر یونین چترال اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز قانون دان وقاص احمد ایڈوکیٹ، ریٹائرڈ فوجی میر رحیم، آل پاکستان مسلم لیگ چترال کے سابق ناظم محسن شاداب، صدر تجار یونین شبیر احمد، صدر ڈرائیور یونین محمد صابر،سید پیر ناصر علی شاہ ودیگر نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کو اپنی صفائی کیلئے موقع فراہم نہیں کیا گیا۔ اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ جبکہ اُن کے اعانت کاروں کے خلاف ابھی تک کوئی کیس ہی نہیں بنا یا گیا۔ اس لئے پرویز مشرف کے خلاف موجودہ فیصلہ اُس کو اپنے دفاع کیلئے موقع اور ماحول فراہم کئے بغیر سنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ پرویز مشرف نے مسلمانوں کے قبلہ خانہ کعبہ پر دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنانے میں سعودی حکومت کی مدد کی۔ اور خدا کے گھر کو امن دینے میں کردار ادا کیا، پاکستان کے خلاف جنگوں میں براہ راست شریک ہوئے۔ اسی طرح چترال جیسے پسماندہ ضلع کے لوگ جو قیام پاکستان کے 70سال بعد بھی محصور زندگی گزار نے پر مجبور تھے۔ لواری ٹنل کی تعمیر کرکے اُن کا رابطہ پاکستان کے ساتھ قائم کرکے چترال کے لوگوں کو نئی زندگی دی۔ آج اُن کی طرف سے اعلان کردہ پراجیکٹ کی بدولت چترال کے لوگ کُل موسمی راستے کا فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد چترال میں اس پرویز مشرف کے حق میں ایک بڑے احتجاجی جلسے کا اہتمام کیا جائیگا جس میں اپر اور لوئر چترال کے لوگ بھرپور انداز میں حصہ لینگے۔ اس موقع پر ریٹائرڈ فوجی میر رحیم نے کہا۔ کہ پرویز مشرف اب بستر مرگ پر ہیں۔ اس لئے اُن کی جگہ پھانسی کا پھندہ وہ اپنے گلے میں ڈالنے کا اعلان کرتے ہیں۔ عدالت پرویز مشرف کی سزا اُسے دے کر حساب پورا کرے۔ انہوں نے کہا۔ کہ پاکستان کی سالمیت پاک فوج کے مرہون منت ہے۔ اور اس کی کمانڈ پرویز مشرف جیسے سپاہ سالار انجام دیتے آرہے ہیں۔ اس لئے اس قسم کے فیصلوں سے فوج کا مورال بُری طرح متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا۔ کہ پرویز مشرف چترال کے محسن ہیں۔ اور چترال کے محسن کو پھانسی کی سزا سنانا چترال کیلئے انتہائی صدمے اور اضطراب کی بات ہے۔ مقررین نے کہا۔ کہ اگر پرویز مشرف کو سزا دی جارہی ہے۔ تو اعانت کرنے والوں کو کیونکر کُھلی چھٹی دی جارہی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا۔ کہ پر ویز مشرف کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔