پاک فوج کی جانب سے مختلف یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات کا چترال کا تین روزہ دورہ،جی او سی نے نوجوانوں کے دل جیت لیا،طلباء کے تاثرات

چترال(چترال ایکسپریس) جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل محمد اعجاز مرزا کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج کے زیر اہتمام ملاکنڈ ڈویژن کی مختلف یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات کو چترال کا تین روزہ دورہ کرایا گیا۔وفد میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ،یونیورسٹی آف سوات اور سیدو میڈیکل کالج کے طلباء وطالبات شامل تھے۔چترال پہنچنے پر چترال سکاؤٹس کے کمانڈنٹ نے وفد کے اراکین کو چترال کا روائتی ٹوپی(پکول)پہنا کر ان کا استقبال کیا۔اس دورے میں طلباء وطالبات وادی کیلاش بھی گئے۔جہاں اُنہوں نے کیلاش کے ثقافتی رنگوں سے مزین چموس فیسٹیول کا مشاہدہ کیا اور کیلاش قبیلے کے تاریخی قبرستان کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر جی او سی ملاکنڈڈویژن میجر جنرل محمداعجاز مرزا اور کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین بھی موجودتھے،جی او سی نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں بہت خوبصورت جگہیں ہیں جہاں پر ہم سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔مختلف یونیورسٹیز کے طلباء وطالبات اور ملک سے آئے ہوئے سیاح چموس فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات کے ساتھ ساتھ علاقائی میوزک اور رقص سے بھی خوب محظوظ ہوئے۔جی او سی طلباء وطالبات،سیاحوں،صحافیوں اور مقامی کمیونیٹی میں گھل مل گئے۔وفد نے پاک فوج کی جانب سے منعقدہ دورے کو خوش آئند قراردیا اور جی او سی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ پاک آرمی کی جانب سے ایسے مواقع فراہم کرنا طلباء و طالبات کے لیے ایک انتہائی مثبت اقدا م ہے جس سے ہمیں بالخصوص چترال کے کلچر کے بارے میں بہتر آگاہی ملی ہے۔پاک فوج کے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے اُنہوں نے جی اوسی سے کہا کہ آپ نے نوجوانوں کا دل جیت لیاہے۔اس دورے کے دوران طلباء وطالبات کو چترال میوزم اور ایف سی پی ایس سمیت چترال دروز اور کیلاش کے مختلف حصوں میں جانے کا موقع بھی ملا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔