اپر اور لویر اضلاع میں مختلف پولو گراونڈز کی تعمیر اور بحالی کے لئے 12کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ایم پی اے وزیر زادہ

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)ممبر صوبائی اسمبلی وزیر زادہ نے کہا ہے کہ چترال کی روایتی کھیل پولو کو ترقی دینے کے لئے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی حکومت نے سنجیدہ اور مخلصانہ قدم اٹھاتے ہوئے چترال کے اپر اور لویر دونوں اضلاع میں مختلف مقامات پر واقع پولو گراونڈز کی تعمیر اور بحالی کے لئے 12کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس سے بادشاہوں کی اس کھیل کی انقلابی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اپر اور لویر چترال کے طول وعرض میں واقع یہ گراونڈز سابق ریاست چترال کے زمانے سے قائم تھے مگر مرمت اور بحالی کا کام نہ ہونے کی بنا پر انتہائی مخدوش حالت میں تھے جس کی وجہ سے پولو کا کھیل روبہ زوال تھا جبکہ یہ چترال کا روایتی کھیل ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں سیاحت کی ترقی میں بھی اہمیت کا حامل تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس صورت حال کے پیش نظر انہوں نے صوبائی حکومت کے نوٹس میں بار بار لاتے رہے اور موجودہ حکومت کا ٹورزم کی ترقی میں انقلابی اور تاریخی اقدامات میں علاقائی کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ان کے درخواست کو پذیرائی حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایاکہ اپر چترال میں ریشن، بروم اویر، گوہکیر، کوشٹ، رائین،بونی، لاسپور، اور سنوغر جبکہ لویر چترال میں چترال خاص، دروش، گرم چشمہ، گوبور، سوسوم، پرئیت اور برنس میں پولو گراونڈز کی توسیع وبحالی اورمرمت کا کام اس سال انجام دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پولو کی ترقی میں یہی کافی نہیں بلکہ اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔وزیر زادہ نے پولوگراونڈز کی بحالی کے منصوبے کے لئے مطلوبہ فائل ورک کی بروقت تیاری اور ترسیل کے لئے ڈسٹرکٹ سپورٹس افیسر عبدالرحمت کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔