معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ کا بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر نوٹس لینے اوربھارت کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے بھارت کے دارالحکومت دہلی میں مسلمانوں پر تشدد اور ان کی مساجد، درگاہوں اور دیگر املاک کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ مودی کے دور حکومت میں بھارت ایک دہشتگرد ملک بن چکا ہے انتہاء پسند ہندوؤں نے بھارت کے مسلمانوں پر حملہ کر کہ بھارتی دہشتگردی کا ثبوت دیا ہے اور اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہاء پسند ہندوؤں کا اقلیتوں پر ظلم اور بھارتی ریاست کا تماشائی کا کردار ادا کرنے پر پاکستان کی تمام اقلیتوں کو تشویش ہے، اس واقعے کے خلاف صوبائی اسمبلی میں مذمتی قرارداد لائیں گے۔ معاون خصوصی نے تمام بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر نوٹس لینے اور بھارت کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند کیا جائے۔دریں اثناء، وزیر زادہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کی جا رہی ہے انہیں سماجی اور سیاسی تمام حقوق حاصل ہیں پاکستان کی اقلیتیں پر سکون زندگی گزار رہی ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔