تازہ ترین

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحت یاب ہوگیا

 کراچی: (چترال ایکسپریس)پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحت یاب ہوگیا جسے ہفتے کو اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

Advertisements

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر صحت ، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ ، ہوم سیکریٹری سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحت یاب ہوگیا جسے ہفتہ کو اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

مریض کے صحت یاب ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ہماری بڑی کامیابی ہے، میں اپنی پوری ٹیم، متاثرہ نوجوان اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

وزیر صحت سندھ نے اجلاس کے شرکا کو مزید بتایا کہ جمعرات کو کراچی میں ملک کا چھٹا کیس سامنے آیا جو 12 فروری کو ایران گیا اور 24 فروری کو واپس آیا، اس کے قریبی 15 لوگوں کا تعین کرکے انہیں گھر میں ہی آئسولیشن میں رکھا گیا ہے، پانچ افراد جو مریض کے انتہائی قریبی ساتھی تھے ان کے خون کے نمونے جانچ کے لیے ارسال کردیے ہیں ان میں سے چار نمونے منفی آئے جب کہ ایک کا نتیجہ آنا باقی ہے۔

واضح رہے کہ اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے پانچ تا حال زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى