چترال(چترال ایکسپریس)تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں 15روز کےلیے تعلیمی ادارے بند کیا جائے گا۔اجلاس میں تمام ہاسٹلوں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔۔
میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنے ، تمام فیسٹیولز اور جیلوں میں ملاقاتیں معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں سیاسی اور پبلک اجتماعات پر بھی پابندی لگائی جائے گی۔
صوبائی کابینہ نے عوام سے سماجی میل جول میں احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ عوام سے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات بھی کم کرنے کی اپیل کی جائے گی۔اسکے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےکرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر اپنا سوات جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب طورخم بارڈر سے متعلق فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
شوکت یوسف زئی نے بھی فیصلے کی تصدیق کردی۔ کے پی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیے گئے ہیں۔