تازہ ترین

رشکئی اکنامک زون منصوبے کے سنگ بنیاد کیلئے انتظامات کے ساتھ حطار، مہمند اوربونیراکنامک زونزکے قیام پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رشکئی اکنامک زون کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کیلئے تمام تر لوازمات اور انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے اوراس سلسلے میں تمام کاموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائنز مقررکئے جائیں تاکہ قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے پر عملی کام کے آغاز میں تاخیر نہ ہو۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو رشکئی اکنامک زون منصوبے کے ڈویلپمنٹ ایگرریمنٹس کو بھی بروقت حتمی شکل دینے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ جمعہ کے روز رشکئی اورحطار اکنامک زونز کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر اکبر ایوب ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری منصوبہ بندی ، سیکرٹری صنعت ، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سربراہان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلا س کو مذکورہ دونوں اکنامک زونز کے قیام پر اب تک کی پیشرفت اور بعض اُمور میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے حکام کو رشکئی اکنامک زون منصوبے کے وفاقی اداروں سے جڑے حل طلب اُمور اور معاملات کی نشاندہی کرنے اور ان معاملات کو وفاقی حکومت کے ساتھ اُٹھانے کیلئے ہوم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوںنے حطار اکنامک زون منصوبے کیلئے متبال زمین کی خریداری کے معاملے کو بھی جلد حتمی شکل دینے اور مہمند اور بونیر اکنامک زونز کے قیام پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔
اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے رشکئی اکنامک زون منصوبے کو قومی اہمیت کے حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا موجودہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، اس منصوبے سے صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتوں کو فروغ دینے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی ۔

Advertisements

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى