تازہ ترین

وزیراعظم عمران خان کاکورونا وائرس کے مریضوں کےساتھ نارواسلوک کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار

 اسلام آباد(چترال ایکسپریس) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے مریضوں کےساتھ نارواسلوک کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Advertisements

نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوروناکےمریضوں سےذمہ داری کےساتھ پیش آئیں،عوام علامات محسوس کریں توبلاخوف ٹیسٹ کروائیں۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات کی رپورٹ کے حوالے سے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے۔

وزیراعظم  ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے عوام الناس میں بھرپور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بحیثیت فرد اور بحیثیت ذمہ دار شہری، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی فرد کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا ہے تو اس کے ساتھ نہایت ذمہ داری سے پیش آئیں ۔

انہوں  نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اگر کوروناوائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لیے رجوع کریں ۔ اس ضمن میں عوام میں غیر ضروری ہچکچاہٹ اور خوف کے تاثر کو زائل کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم نے ایک جامع اور بھرپور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور اس حوالے سے جلد ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کم شرح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی پاکستان میں حالات دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت قابو میں ہیں۔ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد اجاگر کرنے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آسکتی ہے ۔

اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا،  صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین  راشد، صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا، اور سینئر افسران کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ-19 ڈاکٹر فیصل بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

صوبائ وزرائے صحت نے اپنے صوبوں میں کورونا وائرس کی صورتحال،ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال،ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت کے اقدامات، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ-19 ڈاکٹر فیصل نے ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے اعدادوشمار، شرح اموات، کیسز کے تناسب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔

صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہوم قرنطینہ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ اس حوالے سے جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى