fbpx

لاہور سے آنے والا پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا مسافر طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا۔ 

کراچی(چترال ایکسپریس)

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کا مسافر طیارہ لاہور سے کراچی آرہا تھا کہ لینڈنگ سے کچھ ہی دیر پہلے ہوائی اڈے سے متصل علاقے ماڈل ٹاؤن کی رہائشی کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ گرنے سے کئی مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی ہے۔

حادثے کا شکار پرواز عید کی مناسبت سے خصوصی طور پر چلائی گئی تھی۔ پرواز نے دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر اڑان بھری تھی اور اپنے مقررہ وقت پر کراچی پہنچ گئی تھی تاہم لینڈنگ سے چند ہی لمحوں پہلے پرواز کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

طیارہ کا 2 بجکر37 منٹ پر تباہ ہوا

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارہ کا 2 بجکر37 منٹ پر ایئر کنٹرول کے ریڈار سے رابطہ منقطع ہوا اور بعد ازاں کپتان سجاد گل نے ایئر کنٹرول ٹاور کو طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے بارے آگاہ کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ وزیراعظم کا طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم

ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ زیادہ پرانا نہیں تھا اور اس کی عمر تقریباً 10 سے 11 سال تھی اور طیارہ مکمل مینٹین تھا لہٰذا تکنیکی خرابی کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

پی آئی اے کا ایمرجنسی کال سینٹر فعال

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا ایمرجنسی کال سینٹر فعال کردیا گیا اور پی آئی اے کے آپریشنل ملازمین کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا ہے جب کہ جیسے جیسے معلومات آئیں گی میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

ذرائع سول ایوی ایشن کے مطابق سول ایوی ایشن نے کراچی میں طیارہ حادثہ کے بعد فضائی آپریشن بند کردیا، پی آئی اے نے مختلف شہروں لاہور،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے فضائی آپریشن روک دیا۔

پائلٹ نے ائیر ٹریفک کو ’مے ڈے‘ کال دی

ذرائع کے مطابق طیارہ فنی خرابی کا شکار ہوا اور لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے طیارے کے ٹائر نہیں کھل رہے تھے جب کہ طیارے کے پائلٹ نے ٹریفک کنٹرول کو ’مے ڈے‘ کال بھی دی تھی۔

پائلٹ اور ٹریفک کنٹرول ٹاور کے درمیان آخری رابطے کی آڈیو ریکارڈنگ بھی سامنے آئی جس میں پائلٹ نے ایک انجن فیل ہونے کی اطلاع دی اور بعد ازاں ’مے ڈے‘ کال دی جس پر کنٹرول ٹاور سے بتایا گیا کہ طیارے کی لینڈنگ کے لیے دو رن وے دستیاب ہیں تاہم طیارے سے دوبارہ رابطہ نہ ہوسکا۔

سول ایوی ایشن  نے  پی  آئی اے کے ائیربس اے  320  کو حادثے کی تصدیق کردی ہے۔ طیارے  میں  99  مسافر اورعملے کے 8ارکان سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق طیارے کے کپتان کا نام سجاد گل ہے اور عملے میں عثمان اعظم ، فرید احمد، عبدالقیوم اشرف ، ملک عرفان رفیق، عاصمہ اور مدیحہ ارم شامل ہیں۔

بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود محفوظ رہے

معجزانہ طور پر طیارہ حادثے میں بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود محفوظ رہے اور انہیں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، بینک آف پنجاب کے صدر خالد صدیق لاہور سے کراچی آرہے تھے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے جہاز حادثے میں بچنے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر محمود سے نجی اسپتال میں عیادت کی۔

دوسری جانب مسافروں میں نجی ٹی وی چینل کے ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی بھی شامل تھے۔

بدقسمت طیارے کی خوش قسمت ائیرہوسٹس

مدیحہ ارم نامی ائیرہوسٹس نے طیارے میں ڈیوٹی پر جانا تھا تاہم عین وقت پر ڈیوٹی روسٹر تبدیل کرکے مدیحہ ارم کو روک دیا گیا، مدیحہ ارم کی جگہ ائیرہوسٹس انعم مقصود کو طیارے میں بھیجا گیا، انعم مقصود بھی بدقسمت طیارے میں جاں بحق ہوگئی ہیں۔

اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ 

حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موجود ہے، جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لاشوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ رش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے طیارہ حادثے کے بعد کراچی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی تاخیرنہ کی جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ  پہنچ گئے، آرمی کوئیک ری ایکشن فورس اور پاکستان رینجرز سندھ کے جوان موقع پر پہنچ گئے ہیں جو کہ امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

 صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کا اظہار افسوس 

صدرمملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جب کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو ریلیف، ریسکیو اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت کی جب کہ وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک سے رابطے میں ہیں جو کراچی روانہ ہوچکے ہیں۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل ارشد ملک پی اے ایف کے طیارے سے کراچی روانہ ہوگئے۔ انہوں نے ناگہانی حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا ایمرجنسی کال سینٹر فعال کر دیا گیا اور پی آئی اے کے آپریشنل ملازمین کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے جب کہ جیسے جیسے معلومات آئیں گی میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے کراچی میں پاک بحریہ کی فیلڈ کمانڈز کو امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی بھرپور معاونت کی ہدایت کی۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے چار فائر ٹینڈرز اور امدادی ٹیم دیگر اداروں کے ساتھ مل کر  امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔
إغلاق