سمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس۔

پشاور(چترال ایکسپریس)صوبے کے مختلف اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاون کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت پیرکے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہوا۔ جس میں صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے دیگراضلاع کے ان مخصوص علاقوں جہا ں پر کورونا کے زیادہ کیسزسامنے آرہے ہیں میں سمارٹ لاک ڈاون سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پشاور کے تمام ہاٹ سپاٹ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون کومزید موثر بنانے کی ضرورت پرزوردیا گیا اور اس سلسلے میں مختلف تجاویزپرتفصیلی غوروحوض کے بعد صوبائی وزیرصحت کی سربراہی میں کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر پشاور، سی سی او پشاوردیگرمتعلقہ حکام پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت سے ایک قابل عمل پلان تیار کرے گی جسے حتمی منظوری کے لئے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ اجلاس کو صو بے کے مختلف اضلاع کے ہاٹ سپاٹس میں سمارٹ لاک ڈاون پر عملدرآمد کی صورتحال، کیسزکی تفصیلات اوردیگرامورپرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیرصحت تیمورسلیم جھگڑا، چیف سیکرٹری ڈاکٹرکاظم نیاز،انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹرثناء اللہ عباسی کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاوراور 11کور کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فی الوقت صوبے کے سات ڈویژن میں 240مخصوص مقامات میں سمارٹ لاک ڈاون نافذہے جن میں مجموعی طور پر کورونا کے د و ہزار سے زائد مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ ضلع پشاور میں سمارٹ لاک ڈاون کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت شہر کے 11مقامات کو سمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے جن میں کورونا کے 298مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت حکومت کے سارے فیصلوں اور اقدامات کا ایک ہی مقصد لوگوں کی جانوں کو محفوظ بناناہے جس کے لئے صوبائی حکومت صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد بدلتے حالات کے مطابق اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ اس وباء کے پھیلاو کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں جو بھی اقدامات اور فیصلے کرے گی وہ یہاں کے معروضی حالات اورزمینی حقائق کے مطابق ہو نگی۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی سمارٹ لاک ڈاون کے حوالے سے جو بھی اقدامات لئے جائیں وہ متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاور ت سے لئے جائیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔