تازہ ترین

سیاسی قائدین اورسماجی تنظیمات کے نمائندوں کا گردوں کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارکے لئے احتجاجی مظاہرہ۔ایک ہفتے کا ڈیڈلائن

چترال(محکم الدین)چترال میں بڑی تعداد میں گردوں کے مریضوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی قائدین اور سماجی تنظیمات کے نمائندوں نے منگل کے روز ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے مین گیٹ کے احاطے میں جی آئی یوتھ کے زیراہتمام زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جے آئی یوتھ چترال وجیہہ الدین، عرفان عزیز، مسلم لیگ ن کے رہنما محمد کوثر ایڈوکیٹ، سابق صوبائی وزیر سلیم خان اور سوشل ایکٹی وسٹ حسین احمد نے کہا ہے۔ کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو اعلی طبی سہولیات فراہم کرنے کا دعوی کرتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ گذشتہ دو سالوں سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈائیلاسز مشینیں خراب ہیں۔ جن پر چھ سات لاکھ روپے خرچ کرنے پر یہ فنکشنل ہو سکتے ہیں۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ ابھی تک سات لاکھ روپے خرچ کرکے اسے ٹھیک کرکے مریضوں کو سہولت دینے کی بجائے انہیں چترال سے طویل سفر کرکے پشاور جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور اکثر مریض ایسے ہیں جو اضافی سفری اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے جتنے بھی دعوے کئے وہ سب جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ اس پر عوام کا اعتماد مکمل طور پر اٹھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے بے یقینی کا شکار ہیں عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں ہو رہااور بے روزگاری و معاشی بدحالی نے لوگوں کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کو کرپٹ کہنے والا عمران خان خود کرپشن اور اقربا پروری میں دھنس کر رہ گیا ہے۔ مقررین نے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہاکہ اس دوران اگر ڈائیلاسز مشینیں درست نہیں کئے گئے۔ تو بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر چترال اور ڈی ایچ او کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں آفیسران کو چترال کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں صرف اپنی کرسی سے چمٹے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں مظاہرین نے چترال بازار میں احتجاجی ریلی نکالی اور وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، منسٹر ہیلتھ، ڈی ایچ او کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ایک ہفتے کے اندر مسئلہ کرنے اور ڈائیلاسز کے مریضوں کو فوری طور پر ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

Advertisements

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى