تازہ ترین

ویلج کونسل ایون ون اور بائیو رسک منیجمنٹ ایکسپرٹ کے اشتراک سے ایک غیر معمولی اجلاس کاانعقاد

چترال (محکم الدین) ویلج کونسل ایون ون اور بائیو رسک منیجمنٹ ایکسپرٹ کے اشتراک سے ایک غیر معمولی اجلاس وی سی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں ہیلتھ، ایجو کیشن، پولیس، وٹرنری اسٹاف اور ٹائیگر فورس و سوشل ایکٹی وسٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقہ ایون میں کورونا وائرس کی صورت حال، حفاظتی تدابیر و اقدامات اور عوامی سطح پر آگہی کاجائزہ لیا گیا۔ اور آنے والے عید الاضحی کے موقع پر اس وبائی بیماری کے پھیلاؤ کے ممکنہ خدشات کا اظہار کرتے ہوئے یہ تجویز دی گئی کہ عید پر لوگوں کو سماجی فاصلہ رکھنے، ماسک کا استعمال اورہاتھوں کی صفائی کا عمل جاری رکھنے سے متعلق آگہی مہم جاری رکھی جائے گی اور لوگوں کو قربانی کے دوران حفظان صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کیلئے تاکید کی جائے گی۔

Advertisements

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد جعفر اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے محمد یحییٰ نے کہا۔ کہ مال مویشیوں کی مختلف مقامات سے شہری علاقوں میں بغیر حفاظتی اقدامات کے منتقلی خطرات سے خالی نہیں۔ ا س لئے مویشیوں کے ساتھ ڈیلنگ کرنے والے افراد کو حفاظتی طریقہ کار اپنانے،سپرے کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ذرا سی کوتاہی کرونا وائرس اور کانگو وائرس کا شکار بنا سکتی ہے۔ اس لئے لوگوں کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے ایون میں تازہ اور صاف گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سلٹرہاؤس کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔ اور کہا کہ موجودہ وقت میں جگہ جگہ بغیر کسی حفاظتی طریقہ کار کے جانور ذبح کئے جاتے ہیں اور لائیو سٹاک ڈاکٹر کی طرف سے جانور کی صحت کی تصدیق کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی جاتی اور نہ میٹ شاپس میں معیار کے مطابق ماحول دستیاب ہے۔ جبکہ ذبح کئے جانے والے جانوروں کے فضلات کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کیلئے بھی کوئی نظام موجود نہیں ہے، اس لئے قوی امکانات ہیں کہ اس بے احتیاطی کے نتیجے میں بیماریاں جنم لیں گی اور علاقہ مزید مشکلات سے دوچار ہو جائے گا۔

ہیلتھ کی طرف سے آفتاب عثمان نے کہا کہ حکومتی احکامات کے تحت ایون میں باہر سے آنے والے افراد کا نہ صرف ریکارڈ رکھا جارہا ہے۔ بلکہ اُنہیں گھر میں قرنطینہ کرنے کی مکمل ہدایات دی جاتی ہیں اور سماجی فاصلہ سمیت تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کی پُرزور تاکید کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونگھنے کی حس متاثر ہونے،پیٹ کا چلنا، سانس کا پھولنا، بخار ایسی کیفیات ہیں جو کرونا وائرس کی واضح علامات میں شمار ہوتی ہیں۔ اجلاس میں چترال پولیس کی کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اقدامات کو سراہا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ پولیس ایون بھر میں پھیلے ہوئے مویشی منڈیوں کو یکجا کرنے میں اُن کی مدد کرے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے ٹی ایم اے چترال سے مطالبہ کیا گیا کہ ایون میں ایک معیاری سلٹرہاؤس تعمیر کیا جائے تاکہ لوگوں کو صاف اور معیاری گوشت مل سکے۔ اور کُھلی فضا میں فضلات کے پھیلنے کا سلسلہ بند ہو۔ اجلاس میں الطاف اللہ، صفی اللہ آصفی،، محمد آصف،قاضی رشید، شریف الرحمن، موسی، منظور، ظاہر شاہ، اختر نبی ِ، حسن خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى