تازہ ترین

تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت قبائلی اضلاع میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے 58 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور(چترال ایکسپریس)تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت قبائلی اضلاع میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے 58 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 645 کلومیٹر لمبی یہ سڑکیں 15 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل ک جائیں گی جبکہ قبائلی اضلاع کے باقی ماندہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت موجودہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں متعدد منصوبے شامل کئے گئے ہیں جو پانچ ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ اسی طرح نئے مالی سال کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام میں قبائلی اضلاع میں رابطہ پلوں کے 12 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن کی تکمیل پر تقریبا دو ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
یہ بات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت قبائلی اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس کو ضم شدہ اضلاع میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے منصوبوں پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات اعجاز حسین انصاری اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ کے علاوہ محکمہ مواصلات و تعمیرات اور پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کے جاری منصوبوں میں ضلع باجوڑ کے سات، مہمند کے تین، خیبر کے چھ، کرم کے چودہ، اورکزئی کے سات، شمالی وزیرستان کے سات اور جنوبی وزیرستان کے دومنصوبوں کے علاوہ درہ آدم خیل کے تین، وزیراور بیٹنی ایریاز کے تین اور درازندہ/ جندولہ کے پانچ منصوبے شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع کے جن جن علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ابھی تک شروع نہیں ہو ئے اُن علاقوں کے لئے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں اور طے شدہ فارمولے کے مطابق تمام اضلاع اور سب ڈویژنز میں سڑکوں کی تعمیر کے یکساں منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔

Advertisements

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ضم شدہ اضلاع کی تیزر فتار ترقی کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس مقصد کیلئے موجودہ حکومت نہ صرف پرعزم ہے بلکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نتیجہ خیز اقدامات اُٹھا رہی ہے، حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں بہت جلد قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو جائے گا اور وہ اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں محسوس کریں گے۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قبائلی اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کے نئے منصوبوں میں اس بات کا بھر پور خیال رکھا جائے کہ ان منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ آبادی کو فائدہ پہنچ سکے۔اُنہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے ان منصوبوں کے معیار اور مقدار پر سمجھوتہ کئے بغیر مقررہ مدت کے اندران کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام قبائلی اضلاع اور سب ڈویژنز کو یکساں بنیادوں پر ترقی دی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کسی بھی علاقے کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى