خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے رواں ہفتے 47 مختلف اقسام کے کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

پشاور(چترال ایکسپریس)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے رواں ہفتے 47 مختلف اقسام کے کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سات سو سے زائد ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ یہ بات بدھ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ کھیل و امورنوجوانان کے ایک اجلاس میں بتائی گئی ہے۔ اجلاس کو کھیلوں کی مختلف سکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل عابد مجید، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنر مالاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو کھیلوں کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں خواتین کے لیے انڈور جمنازیم بنانے کی پہلے سے منظور شدہ سکیم کے تحت ضلع سوات میں خواتین کے لیے انڈور جیم قائم کرنے کے لیے تمام تر ضروری لوازمات مکمل کیے گئے ہیں جبکہ رواں سال اکتوبر تک اس پر عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ مذکورہ سکیم کی منظور شدہ لاگت 99 ملین روپے ہے۔مزید بتایا گیا کہ کالام (سوات) میں کرکٹ سٹیڈیم بمعہ متعلقہ سہولیات 250 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا جس کے لیے زمین کے حصول کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کوشعبہ کھیل میں جاری تمام منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام بروقت ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سوات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لیے سپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کیلئے مناسب ترین جگہ کے انتخاب کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت صوبے میں نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔ نوجوانوں کی فلاح و ترقی موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں کی معیاری تکمیل ناگزیرہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔