تحریک حقوق عوام اپر چترال کا جنرل باڈی اجلاس، اراکین کی مصروفیات کے باعث تنظیم سازی کا عمل چند دن کے لیے ملتوی

اپرچترال(چترال ایکسپریس)تحریک حقوق عوام اپر چترال کا جنرل باڈی کا اجلاس بدھ14اکتوبر صدر تحریک مختار لال ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس تحریک حقوق عوام کی تنظیم نو کے سلسلے میں تھا۔ اراکین کی مصروفیات کے باعث تنظیم سازی کا عمل چند دن کے لیے ملتوی کیا گیا۔ حتمی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
اجلاس میں اپر چترال کے چند اہم مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ سب سے پہلے تورکہو استارو پل زیر بحث آیا۔ شرکاء کا موقف تھا کہ موجودہ متبادل راستہ انتہائی تنگ اور خطرناک ہے اور سردیوں میں اس روڈ پر ٹریفک جاری رہنا انتہائی خطرناک بلکہ ناممکن ہے۔ اس لیے اس اجلاس کے توسط سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ استارو پل پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ اور سردیوں میں پل پر سے ٹریفک بحال کی جائے اور اگر یہ ممکن نہیں تو موجودہ پل کے ساتھ ہی مناسب جگہ پر عارضی پل تعمیر کیا جائے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں گولین گول بجلی گھر سے اپر چترال کو بجلی کی فراہمی پر بحث کی گئی۔ اس حوالے سے خدشے کا اظہار کیا گیا کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی مختلف حیلے بہانوں سے بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے۔ شرکاء نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سردیوں میں بجلی کی سپلائی میں جو رکاوٹیں ہیں ان کو بروقت دور کرکے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ بونی پل ٹو ریسٹ ہاؤس روڈ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ چونکہ تارکول کا موسم تقریباً ناممکن نظر آرہا ہے اس لیے سردیوں کی آمد سے پہلے نالوں اور روڑی ڈال کر ہموار کرنے کا کام مکمل کیا جائے۔ مزید یہ کہ بونی مستوج روڈ پر صفائی اور مرمت کا کام فی الفور کرایا جائے کیونکہ یہ روڈ این۔ایچ۔اے کے حوالے ہو چکا ہے اورسی اینڈ ڈبلیو والے اس پر کام کروانے کے مجاز نہیں ہیں۔ خاص طور پر بونی پل کے قریب روڈ انتہائی خطرناک ہے اور مرمت کی اشد ضرورت ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔