انتقال پر ملالتازہ ترین

میاں محمدنواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر انتقال کرگئ،تدفین لاہور میں شریف فیملی کے آبائی قبرستان میں ہوگی

 لندن: (چترال ایکسپریس)سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں۔لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں، رہنما (ن) لیگ عطاء اللہ تارڑ نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قید شہباز شریف کو ان کی والدہ کے انتقال کی خبر پہنچائی جا رہی ہے۔

Advertisements

واضح رہے کہ نواز شریف کی والدہ شدید علالت کے باوجود فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں، ڈاکٹروں نے انہیں لمبے سفر سے منع کیا تھا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کے پاس جانے کا کہا۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی عمر تقریبا 90 سال تھی جب کہ ان کے خاوند میاں محمد شریف کا 2004 میں جدہ میں انتقال ہوا تھا۔

نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی تدفین لاہور میں شریف فیملی کے آبائی قبرستان میں ہوگی، ان کی والدہ کا جسد خاکی فلائٹ شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ نواز شریف کی والدہ کی میت آئندہ 24 گھنٹے میں لندن سے پاکستان آنے کا امکان ہے  تاہم اس شیڈول میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے جب کہ میت پاکستان لانے اور تدفین سے متعلق شریف خاندان اور لیگی قیادت میں مشاورت جاری ہے۔

ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور ان کے بیٹوں کی پاکستان آمد کا امکان نہیں تاہم ان کی تدفین کے انتظامات لاہور میں کیپٹن (ر) صفدر اور دیگر کریں گے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی تدفین میں شرکت کے لیے پیرول پر رہائی کے لیے (ن) لیگ کی قانونی ٹیم مشاورت کررہی ہے۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہائی دینے کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو رہا کردیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میاں نواز اور میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر  میری تعزیت اور دعائیں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔ إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعون۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر میاں محمد نوازشریف، میاں شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

بیگم شمیم اختر کے انتقال پر گورنر پنجاب سمیت سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین،وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے بھی نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى