تازہ ترین

ٹی۔ایچ۔کیو ہسپتال بونی میں ہنگامی بنیادوں پر ڈائیلاسز سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے,پرویز لال

اپرچترال(چترال ایکسپریس)جنرل سیکرٹری تحریک حقوق عوام اپرچترال پرویز لال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپر چترال میں گردے کے مریضوں کی تعداد بد قسمتی سے کافی حد تک بڑھ گئی ہے اور آئے روز مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اس کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہے۔ علاج کی سہولیات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔ چترال کے دونوں اضلاع کے مریضوں کے لیے صرف ایک ڈائیلاسز سینٹر ہے جو کہ ڈی۔ایچ۔کیو ہسپتال چترال میں ہے۔ یہ مشین بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے اکثر خراب ہو جاتی ہے۔مزید یہ کہ اپر چترال کے دور دراز علاقوں سے مریضوں کو ڈائیلاسز کیلئے چترال آنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور غریب مریض سفر اور کھانے پینے کا خرچہ اٹھانے سے بھی قاصر ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے متعلقہ اداروں اور ارباب اختیار سے پہلے بھی گزارش کی گئی تھی لیکن تاحال کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی۔ اب ایک مرتبہ پھر تحریک حقوق عوام اپر چترال وزیراعلیٰ کے۔پی۔کے، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ اور دوسرے مجاز افسران سے گزارش کرتی ہے کہ اپر چترال کے ٹی۔ایچ۔کیو ہسپتال بونی میں ہنگامی بنیادوں پر ڈائیلاسز سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ غریب مریض اس سے باآسانی استفادہ حاصل کرسکیں۔

Advertisements

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى