وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے خیبرپختونخوا میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔

پشاور(چترال ایکسپریس) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر صوبہ خیبر پختونخوا میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا،اتوارکے روز سول سیکرٹریٹ پشاورمیں منعقدہ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیرصحت تیمورسلیم جھگڑا، اطلاعات اوراعلیٰ تعلیم کے لئے وزیراعلیٰ کے مشیر کامران بنگش، اسمبلی کی رکن ڈاکٹر عائشہ بانو، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز،نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسدادپولیو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر،صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹرعبدالباسط،عالمی ادارہ اطفال(یونیسیف)کے اینڈریو،ڈبلیوایچ او کے گیڈی محمد، محکمہ صحت،ای پی آئی اورمعاون ادارون کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔
صوبہ بھر میں 5روز تک جاری رہنے والی اس انسداد پولیومہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 64لاکھ 1ہزار575بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے مہم کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جس کے تحت مجموعی طور پر تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل28683 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 25579موبائل ٹیمیں، 1868فکسڈ ٹیمیں،1106 ٹرانزٹ ٹیمیں اور130ومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے 6991 سپروائزرتعینات کئے گئے ہیں پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے تعاون سے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔
انسدادپولیو مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے کہا کہ اس وقت جب دنیا کے دیگر تمام ممالک نے اپنے ہاں سے پولیو کا کامیابی سے خاتمہ کرلیا ہے پاکستان اور افغانستان میں اب بھی ہرسال ہمارے درجنوں بچے پولیو کے ہاتھوں عمر بھی کی معذوری سے دوچار ہورہے ہیں جس کے باعث نہ صرف ہمارے بچے غیرمحفوظ ہیں بلکہ عالمی برادری میں وطن عزیز کا وقار بھی متاثر ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بناناایک مقدس قومی فریضہ اور ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس موذی مرض کے مکمل خاتمہ کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق انتھک کوششیں کی جارہی ہیں جن کے مثبت اور حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے تمام افراد بالخصوص والدین پولیو مہمات کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ دیگر تمام ممالک کی طرح پاکستان بھی پولیو فری قرار پائے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے مزید کہاکہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ اور مضر اثرات سے پاک ہے اسی ویکیسن کے ذریعے دنیا کے باقی تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ کیا جا چکا ہے والدین پولیو ویکسین کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔
اس موقع پرنیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹرڈاکٹر راناصفدر مے تقریب میں شرکت مہمان اور میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا بچوں کو پولیو سے محفوظ کرنے کے لئے معاشرے اور بالخصوص والدین میں شعور اجاگر کرنے اور آگاہی پھیلانے میں جو کردار ادا کررہا ہے وہ قابل قدرہے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ای او سی خیبرپختونخوا حکومت کے زیراہتمام خیبرپختونخوا حکومت معاون اداروں ِ،میڈیا اور معاشر ے کے تمام طبقات کے تعاون سے پولیو کے خاتمہ کی جو قابل قدر کاوشیں کررہی ہے اس کے نتیجہ میں بہت جلد خطہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ کردیاجائے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔