تازہ ترین

بونی میں محکمہ زراعت چترال کے زیر اہتمام”ہماری منزل زرعی خود کفالت“ کے موضوع پر ایک روزہ آگاہی پروگرام کا انعقاد

اپرچترال(چترال ایکسپریس۔۔۔کریم اللہ سے) اپر چترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں محکمہ زراعت چترال کے زیر اہتمام ”ہماری منزل زرعی خود کفالت“ کے موضوع پر ایک روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں اپر چترال کے مختلف علاقوں سے زمینداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد زمینداروں کو زرعی اجناس بالخصوص گندم اور پھل داروں درختوں کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے سائنسی طریقہ کار اپنانے اور نئے طریقوں کو استعمال کرنے نیز سبسیڈی ریٹ پر گندم کے بیج اور کھادوں کے حصول سے متعلق ان کو آگاہی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کی صدارت اے سی مستوج شاہ عدنان نے کی۔ اُنہوں نے زمینداروں کے لئے معلوماتی پرواگرام کے انعقاد پر محکمہ زراعت کے اہلکاروں کی تعریف کی اور دوسرے علاقوں میں بھی اسی طرح کے معلوماتی پروگرامات کے انعقاد پر زور دیا۔اُنہوں نے ضلعی انظامیہ کی طرف سے ہرممکن تعاون کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔پروگرام کے آغاز میں صدرماڈل فارم سروس سنٹراپر چترال غلام علی شاہ نے محکمہ زراعت کے اعلیٰ اہلکاروں اور زمینداروں کو خوش آمدید کہا اس کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت چترال محمد رفیق نے زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے مختلف امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جس کا مقصد علاقے میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کرنا، پھلوں کو لگنے والی بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات اٹھانا وغیرہ تھا اس کے علاوہ اُنہوں نے کھادوں کے استعمال اور فصلوں کو لگنے والی بیماریوں کے خلاف استعمال ہونے والے ادویات اور اسپرے کے استعمال کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا۔ پروگرام میں پودوں کو لگنے والی بیماروں اور ان کی تدارک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پودوں کی شاخ تراشی کے طریقہ کار اور ٹائمنگ پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر ماڈل فارم سروس سنٹر چترال شاہ وزیر لال نے علاقے میں زرعی پیدوار بڑھانے میں محکمہ زراعت چترال کے کردار کو سراہتے ہوئے علاقے میں سورج مکھی کے فصل پر تجرباتی طور پر کام شروع کروانے کا مطالبہ کیا۔ جس کے جواب میں ڈائریکٹر زراعت محمد نعیم نے کہا کہ اس سلسلے می محکمہ زراعت بیج فراہم کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ محکمہ زراعت کے اثاثہ جات اور بیلنس کے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اثاثہ جات کی تقسیم بالکل ہی شفاف بنیادوں پر کی جائے گی۔ دیگر مقررین میں جنرل سیکرٹری ماڈل فارم سلطان نگاہ، سابق ناظم وی سی ٹو سلامت خان وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور علاقے کے زرعی مسائل سے متعلق اپنی شکایات پیش کی۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض انچارچ ماڈل فارم سروس اپر چترال شہباز ولی شاہ نے کی۔

Advertisements

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

متعلقہ

زر الذهاب إلى الأعلى