چترال میں بجلی کے مسائل کے حل کے لئے 1ارب 82 کروڑ روپے کا فنڈ مختص، معاون خصوصی برائے اقلیتی آمور*

*ضلع چترال،یونین کونسل برووز کو اپریل تک بجلی کی ترسیل ممکن بنائی جائے گی، وزیر زادہ*

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی آمور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ ضلع چترال میں ٹرانسمشن لائنز اور دیگر بجلی کے مسائل بہت جلد حل کرینگے، معاون خصوصی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر ضلع چترال میں بجلی کے مسائل کے حل کے بارے پیسکو چیف سے ایک اجلاس کے دوران تفصیلی بات چیت کی ہے۔ اجلاس میں ضلع چترال سے تحریک انصاف کے رہنما عبدالطیف بھی معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ضلع چترال میں بجلی کے مسائل حل کرنے کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس پر ہم وفاقی وزیر برائے بجلی و توانائی عمر ایوب کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اس پراجیکٹ سے ضلع چترال میں ارندو، عشریت، بروز ، ایون، گہریت، ارسون، کیسو، وغیرہ میں بجلی کے درپیش مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہونگے۔ ان علاقوں کو گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی ترسیل دی جائے گی۔ اجلاس میں معاون خصوصی نے ہدایت دی ہے کہ ضلع چترال کے بروز علاقے کو اپریل تک بجلی کی ترسیل ممکن بنائی جائے۔ اس کے علاؤہ اپر چترال میں کم وولٹیج کے مسلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے گولن گول کے مقام پر خصوصی ٹرانسفرمر نصب کیا جائے گا، جس سے کم وولٹیج کے مسلے پر مستقل قابو پا لیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضلع چترال میں ٹرانسفرمر مرمت مسائل کے حل کے لیے علیحدہ ورکشاپ کھول دئیے جائینگے۔ ورکشاپ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر سے استفادہ کیا جائے گا۔ وزیر زادہ نے کہا ہے کہ ضلع چترال کے تمام علاقوں میں ٹرانسمیشن لائینز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے، ٹرانسمیشن لائینز کی بحالی سے ضلع چترال میں بجلی کی ترسیل مزید بہتر ہو جائے گی، اور عوام کو بجلی کے حوالے سے کافی ریلیف ملے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں معاون خصوصی بذات خود ان تمام کاموں کی نگرانی کرینگے، ان کاموں کے پیشرفت کے حوالے سے باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور کارکردگی رپورٹ وفاقی اور صوبائی حکومت کو بھجوائی جائے گی۔ وزیر زادہ نے مزید کہا ہے کہ ضلع چترال کے عوام بھی بجلی کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت واحد حکومت ہے جس نے پسماندہ اضلاع کو ترقی دینے کے لئے تمام تر ممکن کوششیں کی ہے، اور پسماندہ اضلاع ملک کے دوسرے ترقی یافتہ اضلاع کے برابر لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔