سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سروس کے تحت تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جارہی ہیں۔۔۔وزیراعلیٰ محمود خان

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں صنعتوں کی ترقی اورنجی سرمایہ کاری کو فروغ دے کر لوگوں کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے نہ صرف متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں آسانی پیدا کی گئی ہیں بلکہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سروس کے تحت تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن کودیر پا معیشت کی بنیاد بنانااور عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور صوبے کی معیشت کو مستحکم بنانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پاکستا نی نژاد امریکی سرمایہ کار اور نجی آئی ٹی کمپنی ایفینیٹی (Afiniti) کے سربراہ ضیاءچشتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اراکین صوبائی کابینہ تیمور سلیم جھگڑا، اکبر ایوب خان اور کامران بنگش کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادراور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا اورا یفینیٹی کمپنی نے صوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کیلئے آمادگی ظاہر کی۔کمپنی کے سربراہ ضیاءچشتی نے بتایا کہ کمپنی صوبے میں کسی موزوں جگہ پر ٹیکنالوجی سٹی قائم کرنا چاہتی ہے جس میں ابتدائی طور پر آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ 10 سے 15 ہزار لوگوں کے رہنے کی گنجائش موجود ہو گی ۔ اس منصوبے سے نوجوانوں کیلئے 50 ہزار سے ایک لاکھ تک روزگار کے مواقع متوقع ہیں۔ کمپنی اس مقصد کیلئے پاکستان میں قائم اپنا تمام سیٹ اپ خیبرپختونخوا منتقل کرے گی ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اور ایفینیٹی کمپنی کی مشترکہٹیکنالوجی سٹی کے مجوزہ منصوبے کے قیام کیلئے موزوں جگہ کی نشاندہی کرے گی ۔وزیراعلیٰ نے نجی آئی ٹی کمپنی “ا یفینیٹی” کی طرف سے صوبے میں بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کیلئے آمادگی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے سرمایہ کاری کیلئے کمپنی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جن میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی لینے والے سرمایہ کاروں کو بھر پور سہولیات فراہم کی جارہی ہیںاور اس مقصد کیلئے متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ اُنہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے پرکشش مراعات فراہم کر رہی ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔