
قاری فیض اللہ چترالی سمیت چترال کے ممتاز علماء کا قاضی نثار احمد کی وفات پر اظہار تعزیت
کراچی(چترال ایکسپریس) تبلیغی جماعت چترال کے امیر قاضی نثار احمد کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مرحوم جید عالم دین اور دین کے انتہائی مخلص داعی اور خدمت گار تھے، دین کی دعوت اور معاشرے میں اعمال کی محنت ان کا اوڑھنا بچھونا تھی، ان خیالات کا اظہار معروف دینی و سماجی شخصیت مولانا قاری فیض اللہ چترالی، مفتی نعمت اللہ، مفتی محمد دین، قاری حبیب الرحمن، قاری حبیب اللہ، خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان، مولانا شفیع چترالی، مولانا ہدایت الرحمان، مفتی معراج حسین، مولانا عبید اللہ واپڈا ٹاؤن لاہور، قاری شمس الدین مزار قائد و دیگر نے اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم نے پنجاب کی دینی جامعات میں اکابر علماء سے اکتساب فیض کیا، وہ مولانا یوسف لدھیانوی شہید کے خصوصی شاگرد تھے، انہوں نے کہا کہ قاضی نثار احمد چترال میں تبلیغی جماعت کے بانیوں میں شامل تھے اور طویل عرصے سے جماعت کی ذمے داریاں خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے انجام دیتے آ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم بہت ہی مخلص اور دین کی اشاعت و ترویج کیلئے ہمہ وقت متفکر و متحرک رہنے والے انسان تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔#
