وزیر اعلیٰ محمود خان کا خیبرپختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ (KPCIP) کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پراجیکٹ کے تحت تمام ذیلی منصوبوں پر جلد عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے زمین کے حصول سمیت تمام تر لوازمات تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں۔ انہو ں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح کے اس منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر یا سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ حکام اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں تاکہ عوام کو بہترین شہری خدمات کی فراہمی کے لئے اس منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیش رفت ممکن ہو سکے۔ شہریوںکو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے حکومت کے شروع کئے گئے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیربلدیات اکبر ایوب کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو منصوبے کی تفصیلات اوراب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پشاور، کوہاٹ، مردان، ایبٹ آباد اور سوات میں یہ پراجیکٹ ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے جس کا مقصد شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ پراجیکٹ کے تحت مذکورہ شہروں میں میونسپل انفراسٹرکچر کوبہتر بناکر پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پارکوں اور تفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے علاوہ دیگر شہری خدمات کی فراہمی کے لئے مجموعی طور پر 23 ذیلی منصوبے وضع کئے گئے ہیں۔ منصوبے کا تفصیلی انجنیئرنگ ڈیزائن متعلقہ فورم کو پیش کردیا گیا ہے جبکہ ٹینڈر ڈاکومنٹس پر کام شروع ہے۔ بیشتر ذیلی منصوبوں پر جلد کام کاآغاز کردیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو عوامی فلاح کا ایک بہترین منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر عملی پیش رفت نظر آنی چاہیئے۔ وہ اس منصوبے میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔ پراجیکٹ کے تحت کسی ذیلی منصوبے کے لئے زمین کا مسئلہ ہے تو بروقت حل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز اپنے حصے کی ذمہ داری بروقت ادا کرنے کے پابند ہیں، تاکہ عوامی فلاح کے اس منصوبے پر بروقت عملی کام کا اجراءیقینی ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے یہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جس پر کام کے اجراءاور تکمیل کے لئے نہایت سنجیدہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ اصل مقصد شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے ، مشکل مالی حالات اور چیلنجز کے باوجود صوبائی حکومت نے عوامی فلاح پر سمجھوتہ نہیں کیا اور اس مقصد کے لئے مختلف شعبوں میں متعدد منصوبوں کا اجراءکیا جن کی تکمیل سے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔