تازہ ترین

انصاف ڈاکٹرزفورم خیبرپختونخوا کے صدر ڈاکٹر مدیرخان کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد کی وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات

پشاور(چترال ایکسپریس)انصاف ڈاکٹرزفورم (آئی ڈی ایف) خیبرپختونخوا کے صدر ڈاکٹر مدیر خان کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے وزیراعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی ۔ وفد کے اراکین میں جنرل سیکرٹری آئی ڈی ایف ڈاکٹر نبی جان آفریدی اور دیگر نوجوان ڈاکٹرز شامل تھے ۔ ملاقات میں شعبہ صحت کے استحکام کیلئے صوبائی حکومت کی پالیسیوں ، شعبہ صحت میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں خصوصاً نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں شعبہ صحت کیلئے مجوزہ اقدامات اور دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا ۔ شعبہ صحت کی دیرپا ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے وفد کی طرف سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی اور شعبہ صحت کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ شعبہ صحت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہے اور مکمل شدہ منصوبوں کا جلد افتتاح کیا جائے گا تاکہ عوام ان منصوبوں سے بلا تاخیر مستفید ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں شعبہ صحت میں مختلف اقدامات کیلئے خطیر وسائل رکھے گئے ہیں اور صحت کارڈ پلس کو مزید جامع بنانے کیلئے اہم اقدامات شامل کئے گئے ہیں۔جگر کی پیوند کاری جیسے مہنگے علاج کو اس اسکیم میں شامل کیا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کو بھی اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ضم اضلاع کے عوام کیلئے صحت کارڈ اسکیم کا سالانہ پیکج چھ لاکھ روپے فی خاندان سے بڑھا کر دس لاکھ روپے فی خاندان کر دیا گیا ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام مفت اور معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے فنڈز میں 111 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے کے چاروں ریجنز میں چار نئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں کے قیام کا منصوبہ بھی نئے بجٹ کا حصہ ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی بہتری و بحالی کیلئے آئندہ دوسالوں کے دوران تقریباً دس ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پروفد کی طرف سے انصاف ڈاکٹرز کنونشن کے انعقادکی تجویز سے اُصولی اتفاق کیا اور کہا کہ کورونا کی وجہ سے مجوزہ کنونش کے انعقاد میں تاخیر ہوئی ہے ۔ اب حالات کا فی بہتر ہیں اور سماجی ، معاشی اور ترقیاتی سرگرمیاں پھر سے بحال ہو رہی ہیں جو حکومت کی طرف سے کورونا کے خلاف موثر اقدامات اور عوام کے اس سلسلے میںتعاون کا نتیجہ ہے۔ وفد نے ملاقات کیلئے قیمتی وقت دینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ فورم حکومت کی پالیسیوں کے نفاذ کے سلسلے میںاپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
مزید دیکھائیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔