تازہ ترین

وزیراعلیٰ محمود خان کے زیر صدارت اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ۔اتھارٹی کیلئے(ایس او پیز) کی منظوری دی گئی

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں اتھارٹی کیلئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی منظوری دی گئی ہے ۔ اجلاس میں مہمند ماربل سٹی کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے اور اس مقصد کیلئے مزید 2000 ایکڑ اراضی کی خریداری کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ورسک روڈ ، ملا گوری اور شبقدر میں قائم ماربل کارخانوں کی مہمند ماربل سٹی میں منتقلی کے عمل کو تیز کرنے جبکہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹ الاٹ ہونے کے چھ مہینے کے اندر اگر صنعت لگانے پر عملی کام شروع نہ ہو توپلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے ۔ اُنہوں نے کہاکہ اصل مقصد صوبے میں صنعتوں کو فروغ دینا اورروزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے جس کیلئے محکمہ صنعت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں طے شدہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ خیبرپختونخوا اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ساتواں اجلاس منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم کے علاوہ بورڈ کے سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو بورڈ کے سابقہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی بورڈ آف انوسٹمنٹ نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کیلئے زونز ریگولیشن کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے اور ان ریگولیشنز کو رشکئی اسپیشل اکنامک زون پر دستخط شدہ ترقیاتی معاہدے کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے سپیشل پرپز وہیکل کی سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹریشن ہو چکی ہے ۔اجلاس میں اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کیلئے مجوزہ ایس او پیز کی بھی منظوری دی گئی اور ان ایس او پیز کو حتمی منظوری کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ اسلام آباد کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس کو مہمند اکنامک زون کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ زون 350 ایکڑ کے رقبہ پر مشتمل ہے ۔زون میں مختلف کیٹگریز کے 290 پلاٹس میں سے 106 پلاٹس پہلے سے الاٹ کئے جا چکے ہیں۔ صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن قائم ہے ۔ اجلاس میں مہمند اکنامک زون کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ اس مقصد کیلئے درکار 2000 ایکڑ اراضی کی خریداری عمل میں لائی جائے اور فزیبلٹی کی تیاری پر کام شروع کیاجائے۔ اجلاس میں ڈی آئی خان میں سیمنٹ اور دیگر تعمیراتی مواد کی صنعت لگانے کیلئے ایک نجی کمپنی کو سول انٹر پرائز(Sole Enterprise) کا درجہ دینے کی تجویز پر غور وخوض کے بعد اسے حتمی منظوری کیلئے وفاقی بورڈ آف انوسٹمنٹ کو پیش کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری اکنامک زونز کے منصوبوں پر عملی پیشرفت یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوں نے کہاکہ صوبے میں صنعتوں کو فروغ دے کر عوام کو روزگار کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یہ امر ہر لحاظ سے یقینی بنایاجائے کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں صنعتی پلاٹس فروخت نہیں ہوں گے بلکہ ایک خاص مدت کیلئے لیز پر دیئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صنعت کو مزید ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو تمام تر یو ٹیلٹیز کی بروقت فراہمی یقینی ہونی چاہیئے تاکہ پلاٹس کی الاٹمنٹ کے چھ ماہ کے اندر زون میں عملی سرگرمیوں کا اجراءیقینی ہو سکے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
مزید دیکھائیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔