این ایچ اے نے گرم چشمہ روڈ پر ایک ہفتے کے اندر چارخستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیا۔این ایچ اے،ایم پی اے ہدایت الرحمن اور چترال میڈیا کا شکریہ

گرم چشمہ (نمائندہ چترال ایکسپریس) این ایچ اے کے کنٹریکٹر، اسٹاف اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے رضاکاروں نے ایک ہفتے دن رات لگاتار کام کرکے گرم چشمہ روڈ پرچار خستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیاہے۔ گزشتہ شام اوچو پل کی مرمت کاکام بھی مکمل کرلیا گیا اس خوشی میں علاقے کے عوام اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم (ایل ڈی ایف) کے ممبران کی جانب سے ان کے اعزاز میں نئے مرمت شدہ اوچو پل پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے عبوری کنونئیر قیمت خان نے کہا کہ لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کا گرم چشمہ کا دورہ انتہائی اہم اور علاقے کے لئے مثبت رہا۔ ایم پی اے نے علاقے کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے این ایچ اے حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے پر آمادہ کیا اور گزشتہ کئی دنوں سے ایم پی اے صاحب گرم چشمہ روڈ کے خستہ حال پلوں کی مرمت کے سلسلے میں انتہائی موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ جس کی وجہ ان کی آمد کے ایک ہفتے بعد گرم چشمہ روڈ پر موجود چار انتہائی خستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل ہوگیاہے۔ اس تیز رفتاری سے گرم چشمہ روڈ پر کام تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے۔ اس لئے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے کنوئنر کی حیثیت سے علاقے کی نمائندگی کرتے ہوئے ایم پی اے صاحب، این ایچ اے اور ایل ڈی ایف کے تمام رضاکاروں کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے ان خستہ حال پلوں کی مرمت میں بہترین کردار ادا کیا۔ اُنہوں نے مولانا ہدایت الرحمن، این ایچ اے اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے تمام رضاکاروں سے آئندہ اسی انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبیدار امیر اللہ نے کہا کہ بروقت اور بہترین طریقے سے کام کرنے پر میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، این ایچ اے کے تمام ذمہ داروں، کنٹریکٹر اور نصرت الہی کے انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے گرم چشمہ کے عوام کے مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان چار پلوں کی مرمت کا کام انتہائی سرعت سے کروایا۔ ان پلوں کی تعمیر کے بعد گرم چشمہ کے عوام اپنی آلو کی فصل بروقت منڈی تک پہنچانے میں کامیاب ہوں گے جو کہ علاقے کے عوام کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے صاحب نے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر گرم چشمہ تشریف لائے وہ اپنی جگے پر ایک مدبرانہ فیصلہ تھا
۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نصرت الہی نے کہا کہ این ایچ اے کے اے ڈی نے جو کام ایک ہفتے کے اندر کیا ہے وہ دوسرے ذمہ دار ادارے سالوں میں نہیں کرپاتے۔ ہم این ایچ اے کے آنے کے بعد گومگو کی کیفیت میں تھے کہ پتہ نہیں ان کے کام کرنے کا انداز کیا ہوگا مگر ہمارا ان کے ساتھ پہلا تجربہ ہی بہترین رہا ہے۔جس کے لئے میں اپنی طرف سے، علاقے کے عوام اور ایل ڈی ایف کے ممبران کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔اُنہوں نے اعلیٰ حکام کی توجہ مذکوہ پلوں کی خستہ حالی کی طرف مبذول کرانے پر چترال کی آن لائین میڈیا سمیت قومی اخبارات کے نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ایم پی اے صاحب پورے چترال کے نمائندے ہیں وہ لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر گرم چشمہ تشریف لائے۔ ایل ڈی ایف نے ون پوائنٹ ایجنڈا ”گرم چشمہ روڈ کی مرمت“ ان کے سامنے رکھا۔ یہاں سے رخصتی کے بعد ایم پی اے صاحب مسلسل اسی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ پلوں کی مرمت اپنی جگہ، گرم چشمہ روڈ میں مزید بہتری اور کام ہوتا ہوا آپ سب کو آئندہ چند دنوں میں نظر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایل ڈی ایف کی نمائندگی کرتے ہوئے ان تما م رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی بساط کے مطابق پلوں کی تعمیر کے لئے کام کیا۔ آج یہاں یہ بات بھی بتانا ضروری ہے کہ آئندہ سے ہم لٹکوہ والے صرف اس شخص کا شکریہ ادا کریں گے جو علاقے کی بہتری اور مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاجر یونین کے نمائندے نوح احمد،ظور شاہ چیئرمین گاڈو اور ایل ڈی ایف اورنظار شاہ نے محکمہ این ایچ اے کے حکام کا شکریہ اد اکیا اور کہا کہ انہوں نے بہت کم عرصے میں پلوں کی معیاری مرمت کو یقینی بنایا ہم آئندہ بھی ان سے یہی توقع رکھتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ گرم چشمہ روڈ این ایچ اے کے حوالے کیا گیا ہے اور این ایچ اے کے ٹھیکہ داروں نے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ کے ہر ممبر کی بات توجہ سے سنی ہے، جس کی وجہ سے معیار بھی بہترین رہا اور بروقت کام پورا ہوا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔