وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ محمود خان نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی

صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد(چترال ایکسپریس)وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں جاری سیاحتی سرگرمیوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھانے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے طے شدہ روڈمیپ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ضم شدہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیاحت کے فروغ کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ اس کے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ وزیراعظم نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔