چترال اکنامک زون اجراءکیلئے بالکل تیارآئندہ دو ماہ کے دوران اجراءمتوقع ہے،خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کااجلاس

پشاور(چترال ایکسپریس)خیبرپختونخوا حکومت کے وژن کے تحت صوبے میں صنعتی شعبے کو مستقل بنیادوں پر ترقی دے کر صنعتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کیلئے نئے اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ گزشتہ مالی سال کے دوران چار نئے اکنامک زونز کا اجراءکیا گیا ہے،جن میں رشکئی اسپیشل اکنامک زون، جلوزئی اکنامک زون، نوشہرہ اکنامک زون (توسیع)، ڈی آئی خان اکنامک زون شامل ہیں ۔ان اکنامک زونز سے مجموعی طور پر تقریباًتین لاکھ روزگار کے نئے مواقع متوقع ہیں۔ علاوہ ازیں89 ایکڑ اراضی پر محیط غازی اکنامک زون اور 40 ایکڑ اراضی پر محیط چترال اکنامک زون اجراءکیلئے بالکل تیار ہیں اور آئندہ دو ماہ کے دوران ان کا اجراءمتوقع ہے۔ غازی اکنامک زون سے مجموعی طور پر17980 روزگار کے مواقع متوقع ہیں، جبکہ چترال اکنامک زون سے 8000 روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ یہ بات گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم ، سیکرٹری صنعت ہمایون خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ۔ازمک جاوید خٹک کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو صوبے میں پہلے سے موجوداکنامک زونز میں قائم صنعتی یونٹس ،نو قائم شد ہ اور آئندہ قائم کئے جانے والے اکنامک زونز پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران کل آٹھ نئے اکنامک زونز کا اجراءکیا جائے گا، جن میں بنوں اکنامک زون ، مہمند اکنامک زون، بونیر ماربل سٹی، سالٹ اینڈ جپسم سٹی کرک، درابن اسپیشل اکنامک زون ڈیرہ اسماعیل خان، پلئی اکنامک زون ، چترال اور غازی اکنامک زونز شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ پہلے سے موجود اکنامک زونز میں 31 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اوران اکنامک زونز میں1290 کارخانے لگائے گئے ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ان اکنامک زونز میں بند صنعتی یونٹس کی بحالی پر پیشرفت جاری ہے جس سے صوبے میں خاطر خواہ سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین انٹر پرنیور شپ کو فروغ دینے اور انہیں کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے ویمن بزنس پارک کے قیام کا منصوبہ بھی تجویز کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صنعتی شعبے کی ترقی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات کا ایک اہم جز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے صنعتی شعبے کی ترقی نہایت ضروری ہے جس کیلئے موجودہ صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہی ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ صنعت کے تحت تمام جاری منصوبوں پر پیشرفت کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق یقینی بنایا جائے اور تمام اکنامک زونز کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں ۔وزیراعلیٰ نے کے پی۔ ازمک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ۔اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سرمایہ کاروںکی حوصلہ افزائی اور اُنہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔