تازہ ترین

*6ستمبر یوم دفاع کی مناسبت سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا پیغام* 

پشاور(چترال ایکسپریس) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قومی جوش وجذبوں کی یاد تازہ کرنے اور وطن عزیز کی دفاع کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے ۔6 ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس دن کو ہمیشہ کے لئے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ہمت و بہادری کا ایک تاریخ ساز دن بنا دیا۔

 یوم دفاع کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب ہمارے مسلح افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کے مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں اور وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو ہمارے مسلح افواج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا کہ وطن کے دفاع کے لئے عددی اکثریت کی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، جذبہ قربانی اورجب الوطنی کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا اور اسی جذبے کی بنیاد پر ہم نے تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو شکست دے کر ملک کو ایک ناقابل تسخیر قوت بنا دیا ہے۔ محمود خان نے اس موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعلی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ریاستی ظلم و جبر سے کشمیریوں کی جزبہ حریت کو نہ پہلے دبا سکا ہے اور نہ آئندہ دبا سکے گا، مظلام کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ محمود خان کا کہنا تھا کہا کہ عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ایک موثر انداز میں بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کیا ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے جس مدلل اور موثر انداز میں کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم وطن کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے ان شہیدوں اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، استحکام اور اس کی سرحدوں کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

<><><><><><><><><>

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔