چترال سکاوٹس کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) چترال سکاوٹس کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان اس تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا کہ ملک وقوم کے لئے جان دینے والے شہیدوں کی قربانیوں کو رائیگان نہیں جانے دیا جائے گاا وریہ کہ مکار اور عیار دشمن کی مکارانہ چال بازیوں اور ہائیبرڈ جنگ سے نئی نسل کو بچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے جوکہ روایتی جنگ میں بری طرح شکست کھانے کے بعد محاذ بدل دی ہے۔ تقریب میں چترال سکاوٹس، پاک آرمی اور چترال پولیس کے شہداء کے ورثاء میں تخائف تقسیم کئے گئے اور مقررین نے اپنی تقریروں میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی آج کو دوسروں کی کل پر قربان کرکے جرات وبہادری کی مثال قائم کردی۔ چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ بریگیڈئر علی محمد ظفر نے کہاکہ اللہ کی نصرت اور قوم کی دعاؤں سے اس دن مسلح افواج نے عددی اکثریت کے نشے میں شرابور دشمن کو وہ عبرت ناک شکست دے دی کہ دنیا حیران رہ گئی۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ پاکستان نے دہشت گردی کی عفریت کو بھی شکست دے دی ہے لیکن خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی حالات کے پیش نظر چوکنا رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مغربی سرحد پر ایف سی کے فرنٹئر کور کے جوان ہمہ وقت چوکس ہیں اور جانوں کا نذرانہ دے کر مغربی سرحدوں کو محفوظ بنائے ہیں جس میں چترال سکاوٹس کا بھی نمایان کردار ہے جوکہ ایف سی کی مایہ ناز یونٹ ہے اورعزم وقربانی کے جذبے سیاچین سے باجوڑ خیبر تک وطن کی حفاظت پر مامور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چترال سکاوٹس نہ صرف دفاع وطن کے لئے ہر محاذ پر موجود ہے بلکہ قدرتی آفات میں بھی عوام کی خدمت کے لئے حاضر ہیں۔ اس موقع پرسابق ضلع ناظم مغفرت شاہ نے خطاب میں مادر وطن پر قربان ہونے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے جوکہ خالصتاً اسلامی نظرئیے کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی ہے اور اس کی حفاظت کے لئے جان کی قربانی دینے والے اللہ کے محبوب ترین لوگ ہوسکتے ہیں۔ اور اس کے دائمی دشمن کے عزائم کے پیش نظر ہمیں مزید قربانیوں کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ معروف دانشور ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی نے اپنے خطاب میں 1965کے جنگ پر روشنی ڈالی اور شہادت کے مرتبے پر فائض ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کو اپنی شہادت کی بہت پہلے ہی وجدان کے ذریعے اشارہ مل جاتی ہے جس کا عملی ثبوت انہوں نے کپٹن اجمل شہید اورلاسپور کے حوالدار محمد یوسف شہید کی شہادتوں کی صورت میں پیش کیا جنہوں نے بہت پہلے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو اس بارے میں بتاچکے تھے۔ ایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد نے آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ شہداء قوم کے وہ عظیم محسن ہیں جوکہ دوسروں کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے میں ایک لمحہ بھی پس وپیش نہیں کرتے۔ انہوں نے ملاکنڈ ڈویژن میں پولیس کی قربانیوں کا خصوصی تذکرہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حیات شاہ نے چترال سکاوٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ چترال سکاوٹس کے افسران اور جوان قوم کے توقعات پر ہمیشہ پورا اترتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چترال سکاوٹس کا کردار نہایت ہی قابل رشک ہے جس کے افسران اور جوانوں نے چترال سے باہر شہادتیں پیش کی اور اس ضلع کو دہشت گردوں سے پاک رکھا۔ چترال سکاوٹس کے فیملی پارک کے احاطے میں منعقدہ اس تقریب میں فرنٹئر کور پبلک سکول کے طلباء طالبات نے اس دن کی اہمیت سے ٹیبلو اور خاکے پیش کئے جنہیں حاضرین نے سراہا۔

اس سے قبل چترال سکاوٹس کے ہیڈ کوارٹرز کے کوارٹرز گارڈ میں شہداء کے روح کی ایصال ثواب کے لئے دعائیہ تقریب ہوئی جس میں چترال سکاوٹس کےچاق وچوبند دستے نے کمانڈنٹ کو سلامی دی اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔