تازہ ترین

دکاندارو ں کے جائز حقوق کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔ صدر تجاریونین چترال بشیراحمد کی حف برداری تقریب سے خطاب

چترال (چترال ایکسپریس ) تجار یونین چترال کے نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب ہفتے کے روز چترال کے ایک مقامی ہو ٹل میں منعقد ہوئی ۔ جس کے ایم پی اے چترال ہدایت الرحمن مہمان خصوصی اور سابق ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ صدر محفل تھے ۔ مہمان خصوصی ایم پی اے چترال نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا ۔ انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ تجارت ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور جہاں معشیت مضبوط ہو ۔ وہاں لوگ خوشحال ہوں گے ۔ اس لئے چترال کی ترقی میں چترال بازار کا اہم کردار ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتےہوئے عبوری صدر تجار یونین چترال حبیب حسین مغل نے تجار یونین کے انتخابات کے دوران انتظامیہ چترال کی طرف سے عدم تعاون پر انتہائی غم و غصے کا اظہار کیا ۔ اور کہا  کہ ڈپٹی کمشنر چترال کی طرف سے عدم تعاون انتہائی افسوسناک ہے ۔ جس کی ہم پر زور مذمت کرتےہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ایساڈپٹی کمشنر جو تجار یونین جیسے اہم یونین کے ساتھ سیدھے منہ بات بھی کرنے کیلیے تیار نہیں ۔ اسے کیسے قبول کیا جا سکتا ہے ۔ حالانکہ حکومت کا سارا کاروبار تجارتی آمدنی سے چلتا ہے ۔ انہوں نے تمام سیاسی قائدین سے مطالبہ کیا ۔ کہ موجودہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو فوری طور پر چترال سے تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے الیکشن میں بھر پور تعاون کرنے پر ڈی پی او چترال سونیہ شمروز خان ، چترال پریس کلب کا شکریہ ادا کیا ۔ کہ ان کی کوششوں سے یہ ممکن ہوا ۔

نو منتخب صدر بشیر احمد نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا چترال ٹاون کی تاجر برادری کیلئے فخر اور خوشی کا مقام ہے کہ تاجر برادری نے ایک بار پھر جمہوری طریقے سے اپنے نمائیندوں کا انتخاب کیا ہے اس انتخاب میں تاجر برادری کے ساتھ قانون کے مطابق تعاون کرنے کے لئے ہم ضلعی پولیس چترال پریس کلب ، عبوری کابینہ ، مختلف ایجنسیز اور دیگر زمہ داروں کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی عوام کی خوشحالی اور امن و آمان کی بحالی میں تاجر برادری بنیادی کردار ادا کرتی ہے علاقے میں سیاسی اور سماجی کاموں کا مرکز ہمیشہ بازار ہوتا ہے وی ائی پی مہمانوں کا استقبال ہویا قدرتی افات کا مقابلہ تاجر برادری انتظامیہ کے ساتھ ملکر اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہی ہے ۔ چترال بازار کو یہ فخر بھی حاصل ہے کہ تجاریونین بجلی، سڑک اور دیگر اہم مسائل پر عوام کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتی رہی ہے ۔ موجودہ دور چترال بازار کی تاجر برادری کے لئے مشکل ترین دور ہے موجود ہ حالات میں ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف بازار میں غیر معیاری اشیائے خوراک کا رونا رویا جاتا ہے یہ دونوں ایسے مسائل ہیں جن کا تعلق ملک کے بڑے شہروں اور بڑی منڈیوں سے ہے اور مہنگائی بھی وہاں سے آتی ہے ۔ ملاوٹ بھی وہان سے اتی ہے ۔ چترال بازار کا تاجر مفت میں بدنام ہوتا ہے ۔ انتظامیہ کے کریک ڈاوں کی وجہ سے غریب دکانداروں کو پکڑا جاتا ہے کارخانہ داروں اور آڑھتوں کی خبر نہیں لی جاتی ۔ تجار ہونین کے منتخب نمائیندوں کی حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ ہم عوام کو معیاری اشیاء سرکاری ریٹ پر مہیا کریں ۔ انتظامیہ کی یہ زمہ داری ہے کہ وہ قانون پر عمل درامد کرائے ،اور تاجروں کو بے جاتنگ نہ کرے اگر تاجروں پرظلم ہوا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔

اُنہوں نے دکانداروں کو یقین دلایا کہ وہ انکے جائز حقوق کے لئے اخری حد تک جائیں گے ۔اور اس عزم کا اظہاربھی کیا کہ موجودہ کابینہ انتخابی اپوزیشن اور سیاسی قائدین سے مشاورت کے ساتھ بازار کے مسائل حل کرے گی ۔

تقریب سے رہنما صدر پاکستان پیپلز پارٹی شریف حسین ، امیر جماعت اسلامی اخونزادہ رحمت اللہ امیر جمیعت العلماء اسلام مولانا عبد الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ تجارت پیغمبروں کا پیشہ ہے ۔ اور صحیح تاجر کا حشر صدیقین اور شہدا کے ساتھ ہو گا ۔ اس لئےتاجر اسلامی اصولوں کے مطابق گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی سے پاک تجارت کو اپنا شعار بنائیں ۔ جس سے مال میں برکت ہوگی ۔ اور چترال بازار میں ایسے تاجر موجود ہیں۔ جو عبادت سمجھ کر تجارت کرتےہیں ۔ انہوں نے تجار یونین کے حالیہ الیکشن میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے عدم تعاون پر انتہائی افسوس کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کہ جو آفیسر اخلاق سے لوگوں سے ملنے کی صلاحیت سے محروم ہے ۔ اسے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے بھی ڈی سی چترال کے تبادلے کا مطالبہ کیا ۔

صدر محفل سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ نے اپنے خطاب میں شفاف الیکشن منعقد کرنے میں تعاون کرنے پر چترال پریس کلب کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تجار یونین ایک باوقار اور معزز لوگوں کی تنظیم ہے ۔ اور تمام تنظیمات کی ماں ہے ۔ اسلئے انتظامیہ اس کے مسائل کو سنجیدہ لے ۔

تقر یب سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر عیدالحسین ، چترال پریس کلب کے سینئر صحافی محکم الدین،ریٹائرڈ صوبیدار میجر عبدالصمد ،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ، مولانا گلاب الدین ، رہنما پی ٹی آئی نثار دستگیر نے بھی خطاب کیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔