گرم چشمہ روڈ کی تعمیر میں تاخیر اور مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کا حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی اورجلسہ

چترال( سید نزیرحسین شاہ) گرم چشمہ روڈ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی نے پیر کے روز ایک احتجاجی جلسہ کیا اور ریلی نکالی ۔جلسے میں پارٹی جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی جلسے سے صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری وسابق صوبائی وزیرسلیم خان،ضلعی صدرلوئرچترال انجینئرفضل ربی جان،سینئرنائب صدرشریف حسین،نائب صدرمحمدمظفر،جنرل سیکرٹری قاضی محمدفیصل،صدرتحصیل چترال عالمزیب ایڈوکیٹ،شیرین خان ایڈوکیٹ، انفارمیشن سیکرٹری نظارولی شاہ،سابق ممبرتحصیل کونسل خوش محمد،نادرشاہ اوردوسروں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے لوٹکوہ کے عوام کو بدترین دھوکہ دیا اور روڈ کے منصوبے کو پش پشت ڈالتے رہے جس سے یہاں کے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گرم چشمہ روڈ کواے ڈی پی سے نکال کرفنڈسوات منتقل کیاگیااوراس سال کی اے ڈی پی میں صرف ڈھائی کروڑ روپے رکھاگیاہے جویہاں کے عوام کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے جوکسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے نااہل حکومت نے کی طرف سے اب پہلے سے طے شدہ اس روڈ کی چوڑائی کو پچاس فٹ کی بجائے 25 فٹ کرنے کی باتیں کی جاری ہیں اور یہ بھی شرمنا ک بات ہے کہ اس سال اس میگاپراجیکٹ کے لئے اے ڈی پی میں صرف ڈھائی کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ سوات میں ایسے منصوبوں کے لئے سوفیصدفنڈ ریلیز بھی ہوگئے ہیں۔ مہنگائی کے بارے میں پی پی پی کے رہنماوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مہنگائی اس خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے کہ غربت سے تنگ لوگ اور متوسط طبقہ خودکشی کرنے پر مجبور ہو گیا ہے کیونکہ ان کے لیے اپنے خاندانوں کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔نا اہل حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی اس وقت حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور اسمبلی کے اندر اور باہر حکومت کی پالیسیوں پر تنقید اور عوام کو آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیازی کی حکومت نے قلیل وقت میں ریکارڈ قرضے لئے ہیں، کمر توڑ مہنگائی نے متواسط طبقہ کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ اس ظالم حکومت نے عوام کاجیناحرام کردیاہے جب تک ہم آوازنہیں اٹھائیں گے تویہ حکومت مزیدمہنگائی کرتا رہے گایہ عوام دشمن حکومت روزانہ غریبوں پرمہنگائی کابم گراتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی کے دورحکومت میں گیس کمپنی،آئی بی،ایجوکیشن دیگرمختلف سرکاری محکموں میں 16ہزارسے زائدلوگوں کوملازمتیں مل چکے تھے مگر موجودہ غریب دشمن حکومت اُن لوگوں کونوکریوں سے برطرف کرکے ہزاروں خاندانوں کو فاقہ کشی پر مجبور کردیاہے۔نیازی حکومت کایہ فیصلہ ہزاروں خاندانوں کو معاشی و سماجی بحران سے دوچار کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ یہ ملازمین گذشتہ گیارہ سالوں کے دوران پوری ایمانداری سے ملک و قوم کی خدمت کے ساتھ اپنے خاندانوں کے لئے حق حلال کی باعزت روزی کما رہے تھے ان کے بچے ایک روشن مستقبل کی امید میں سکولوں اور کالجوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے لیکن اب ملازمتوں سے محروم ہونے والے یہ ملازمین عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں وہ نہ صرف کسی دوسری ملازمت کے اہل رہے بلکہ کوئی کاروبار وغیرہ بھی نہیں کرسکتے۔ پی پی پی کے رہنماوں نے چترال کے ایم این اے اور ایم پی اے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ چترالی عوام کو دھوکہ دینا اور سبز باغ دیکھانے کے سوا کچھ نہ کرسکے اور یہ دونوں عوام کے سامنے مکمل طور پر ایکسپوز ہوگئے ہیں کہ وہ ان عہدوں کے لئے نااہل ہیں جن کا اسمبلی کے اندر بھی کارکردگی صفر کے برابر ہے۔ انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈز میں گرم چشمہ کی 80ہزار آبادی کو نظر انداز کر نے پر ایم این اے کی مذمت کی اور کہاکہ انہوں نے انتہائی تعصب سے کام لیکر یہاں کے مکینوں کومایوس کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ کالاش کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی ایم پی اے نے تو جھوٹ اور دھوکہ کی حد کردی اور ضلع کے دوردراز علاقوں میں جھوٹے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے پھر رہے ہیں۔پی پی پی کے رہنماوں نے کہاکہ کالاش کمیونٹی کے متعلق مشہور ہے کہ وہ جھوٹ نہیں بولتے لیکن وزیر زادہ جھوٹ بول بول کر اپنی کمیونٹی کی ایک صفت کھوبیٹھے ہیں۔ نومنتخب عہداروں نے کہاکہ صوبائی صدرنجم الدین خان اورجنرل سیکرٹری محمدشجاع خان کی ہدایت پرگھرگھرجاکرپی پی پی کے ناراض کارکنوں کومنانے اورپارٹی کومنظم بنانے کی کوشش جاری ہے۔ جلسے میں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سخت نعرہ بازی بھی ہوئی۔اس موقع پرجماعت اسلامی کے خیرالدین،جماعت علماء اسلام کے رحمت اللہ، پاکستان تحریک انصاف کے مجب اللہ،اسلام بیگ،مظہر،قربان بیگ،عبدالعزیز،مرادخان،میرزہ مراد،ریاض خان سنگل اوردیگرنے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔