تازہ ترین

صوبے میں عشرہ رحمت اللعالمین اور ربیع الاول کے مہینے کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پروگرامات کے شیڈول جاری

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ اوقاف اور مذہبی اُمور نے متحدہ علماءبورڈ کے اشتراک سے عشرہ رحمت اللعالمین اور ربیع الاول کے مہینے کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے دیگر سرگرمیوں کے علاوہ صوبائی سطح پر سیرت النبی کانفرنس اورنوجوان علماءسمٹ منعقد کرنے جارہا ہے ۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق سیر ت کانفرنس 18 اکتوبر جبکہ نوجوان علماءسمٹ 20 اور21 اکتوبر کو منعقد ہوں گے ۔ دو روزہ اس علماءسمٹ میں 500 کے قریب جید علمائے کرام شرکت کریں گے ۔ سمٹ سے ڈاکٹر قبلہ آیاز ، مولانا عدنان کاکا خیل، شیخ الحدیث مولانا انوار الحق ، مفتی غلام الرحمان عثمانیہ ، شیخ الحدیت مولانا حسین احمد مدنی ، مولانا یوسف شاہ، مولانا عبد الروف ، قاری حنیف جالندھر، مولانا عبد الخیر آزاد اور مفتی زبیر عثمانی سمیت خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے 28 جید علمائے کرام خطاب کریں گے ۔ اپنے خطاب میں علمائے کرام مختلف موضوعات پر روشنی ڈالیں گے جن میں جدید سائنسی علوم اور اسلام، اسوہ حسنہ اور موجودہ دور میں ذرائع ابلاغ اور اسلام، ریاست مدینہ کا قیام ، بین المذاہب ہم آہنگی ، مساوات اور عدل و انصاف ، جدید معاشی نظام اور اسلام، مدارس میں تعلیمی نظام اور دور حاضر کے تقاضے جیسے دیگر اہم موضوعات شامل ہیں۔
علاوہ ازیں محکمہ اوقاف نے متحدہ علماءبورڈ کے تعاون سے عید میلاد کی مناسبت سے دینی مدارس کے طلبہ کیلئے دس نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کا بھی انتظام کیا ہےجن میں حسن قرآت، نعت ، خطاطی ، مضمون نویسی ، تقاریر وغیرہ شامل ہیں۔ عید میلاد النبی کی مناسبت سے تمام تقاریب اور سرگرمیوں میں تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماءاور دینی مدارس کے طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں محکمہ اوقاف نے سیرت النبی کی مناسبت سے کتابوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا ہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔