تازہ ترین

*انسداد پولیو کے عالمی دن کےموقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان کابیان*

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے اور ملک سے پولیو وائرس کے خاتمے حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت دیگر تمام شراکت داروں کے باہمی تعاون اور اشتراک سے اس مقصد کیلئے ایک مربوط لائحہ عمل کے تحت ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے جن کے نتیجے میں صوبے میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے اور وہ دن دور نہیں جب خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہو جائے گا اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ مستقبل دینے میں کامیاب ہوں گے ۔

انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں اُنہوںنے کہاہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر اس موذی بیماری کی روک تھام کیلئے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت کو اُجاگر کرنا اور اس بیماری کے خلاف صف اول میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور پولیو کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کے عزم کا اعادہ کرناہے ۔ پولیو وائرس کے خاتمے کو ایک قومی فریضہ اور سب کی اجتماعی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے والدین ، اساتذہ ، علماء ، عوامی نمائندوں اور میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومتی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنانا اور اُنہیں ایک بہتر مستقبل دینا حکومت کے ساتھ ساتھ والدین کی بھی اولین ذمہ داری ہے اس لئے تمام والدین اپنی اس ذمہ داری کا بھر پور احساس کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو انسداد پولیو قطرے ضرور پلائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ اگر ایک بچہ بھی پولیو قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو پھر کوئی بھی بچہ اس موذی وائرس سے محفوظ نہیں ہو گا اسلئے ہم اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کے سلسلے میں علماءکرام، اساتذہ اور میڈیا کے تعاون کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ معاشرے کے تمام طبقے اس وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے اپنا تعاون آئندہ بھی جاری رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے سے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کے عزم ، حوصلے اور کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان فرنٹ لائن ورکرز نے انتہائی نا مساعد حالات کے باوجود بھی پولیو مہمات کے اہداف کے حصول کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں جس پر ہم سب کو بجا طور پر فخر ہے اور مجھے یقین ہے کہ ان بے لوث ورکرز کی محنت اور جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی اور ہم بہت جلد اس صوبے کو پولیو وائرس سے مکمل طور پر پاک کرنے کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے ۔ محمود خان نے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں ضلعی انتظامیہ ، محکمہ صحت، متعلقہ بین الاقوامی اداروں اور تمام شراکت داروں کے کردار کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
َِِ<><><><><><><>

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔