تازہ ترین

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا یوم سیاہ کشمیر کے موقع پربیان

پشاور(چترال ایکسپریس) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 اکتوبر1947 انسانی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا جب بھارتی قابض فورسز نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی ابتداءکرنے اور جموں و کشمیر پر قبضہ کرنے کیلئے سری نگر میں داخل ہوئیںاور اُس دن سے آج تک کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ اُنہوں نے کہاکہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اُنہوںنے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیاہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ، اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں ۔ یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ اُنہوںنے کہاکہ انشاءاﷲ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہنے والے بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ گزشتہ دو سالوں سے جس طرح یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے کشمیری عوام کا محاصر ہ کر رکھا ہے وہ پوری بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگراداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ اُنہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوںپر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیںجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ تمام دستیاب فورمز پر کشمیری عوام کی آواز اُٹھانے میں پیش پیش ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میںجس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اٹھایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ پاکستانی عوام اور حکومت وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھر پور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

<><><><><><><><>

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔