قاری شبیر احمد استاد کےانتقال پرقاری فیض اللہ چترالی، مولانا شفیع چترالی، مولانا ہدایت،قاری شمس الدین، قاری عبید اللہ و دیگر کا اظہارتعزیت

کراچی (چترال ایکسپریس۔۔عنایت شمسی) شاہی مسجد چترال کے امام ممتاز دینی و روحانی شخصیت پیر طریقت قاری شبیر احمد نقشبندی ایل آر ایچ پشاور میں انتقال کر گئے، مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین آج چترال میں عمل میں آئے گی۔ مرحوم نے تقریباً ستر سال عمر پائی۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے علالت کے باعث ایل آر ایچ پشاور میں زیر علاج تھے۔ مرحوم لاہور سے حفظ و تجوید قرآن کی تکمیل کے بعد 1975ء میں شاہی مسجد چترال سے وابستہ ہوئے اور تا وفات شاہی مسجد کی امامت اور گورنمنٹ دار العلوم چترال میں شعبہ حفظ و تجوید کی سربراہی کے فرائض انجام دیتے رہے۔ مرحوم ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے اور عوام اور علماء دونوں حلقوں میں یکساں مقبول تھے۔ مرحوم نقشبندی سلسلے کے شیخ طریقت اور معروف روحانی شخصیت مولانا پیر ذو الفقار نقشبندی کے خلیفہ مُجاز تھے۔ انہوں نے شاہی مسجد چترال میں نقشبندی طریقے کے مطابق ہفتہ وار حلقہ ذکر قائم کیا جو عوام و خواص میں بے حد مقبول ہوا اور اس حلقے سے جڑ کر ہزاروں افراد نے دلوں کی بنجر کھیتی کو اللہ کی یاد سے معمور کیا۔ ان کے مریدین اور دست یافتہ گان کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ مرحوم نہایت متقی، پرہیز گار اور صوم داؤدی کے پابند بزرگ اور حکمت و موعظت کے ساتھ اصلاح خلق پر کاربند داعی تھے۔ انہوں نے بیوہ، تین بیٹیاں اور ہزاروں متعلقین، متوسلین اور ارادت مندوں کو سوگوار چھوڑا۔ مرحوم کو آج پولو گراؤنڈ چترال میں نماز جنازہ کے بعد آبائی قبرستان جغور میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مرحوم کے انتقال پر چترال کی معروف دینی وسماجی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی، خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکا خیل، مولانا امیر ہدایت الرحمن، مولانا شفیع چترالی، مفتی معراج حسین، قاری عبید اللہ چیف خطیب واپڈا ٹاؤن لاہور، قاری شمس الدین فاتحہ خوان مزار قائد، مولانا حکیم نظام الدین شاکر، ڈاکٹر یونس خالد، مفتی ولی اللہ، مفتی مسعود الرحمن، ڈاکٹر محمد عزیز، قاری شمس النبی و دیگر نے غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر و اجر عطاء فرمائے، آمین۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔