تازہ ترین

وزیراعلیٰ محمود خان کا سماجی کارکن محمد زادہ کے قتل کے خلاف شاہراہ کی بند ش کا نوٹس ،ڈی سی ملاکنڈ اوراے سی درگئی عہدوں سے فارغ

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاکنڈ کے علاقہ سخاکوٹ میں سماجی کارکن محمد زادہ کے قتل کے خلاف عوامی احتجاج اور شاہراہ کی بند ش کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی کو فوری طور پر اُن کے عہدوں سے فارغ کر دیا ۔ فرائض سے غفلت برتنے پر وزیراعلیٰ نے ان دونوں افسروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹا کر اُن کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے سماجی کارکن محمد زادہ کے قتل کے واقعے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو قتل کے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ سماجی کارکن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُنہوںنے کہاہے کہ قتل میں ملوث عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ، اُنہیں جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثر ہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی بھی دُعا کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ صوبائی حکومت اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اُنہیں مکمل انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔