گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان زیتون فارم دروش جنجیرت کادورہ

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ اس صوبے میں زعفران اور زیتون کی پیدواری پوٹنشل سے اگر پورا پورا فائدہ ا ٹھایا جائے تو سالانہ مجموعی طور پر ایک ہزار ارب روپے تک جاپہنچے گی جس سے پورا ملک کو خوشحالی نصیب ہوگی اور یہ پی ٹی آئی کی حکومت ہے جس نے اس پوٹنشل کو سامنے لانے کا سامان کردیا ہے اور یہ نہ رکنے والا پراجیکٹ ہے جوایک دفعہ چالو ہوجائے تو کوئی اسے روکنا چاہے بھی تو نہیں روک سکتا۔ ہفتے کے روز چترال کے دروش ٹاؤن کے نواحی گاؤں جنجریت (Jin Jiret) میں زعفران اور زیتون کے فارم کے وزٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چترال کو اللہ نے ایسی زمین اور آب وہوا سے نوازا ہے کہ یہ زعفران اور زیتون کے لئے آئیڈیل ہے اور اسی وجہ سے میں آئندہ تین سالوں کے بعد چترال میں مکمل طور پر خوشحالی دیکھ رہا ہوں جہاں کوئی بھی غریب نہیں رہے گا۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے کسانوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ مفت بیج، تکنیکی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں مارکیٹنگ کے مرحلے تک رہنمائی اور مدد فراہم کی جائے گی۔شاہ فرمان نے کہا کہ زیتون اور زعفران کی کاشت کو عام کرنے اور ترقی دینے کے لئے محکمہ زراعت کو تمام ضروری وسائل کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کے لئے حکومت کو سفارش بھیج دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم اس وقت سالانہ ساڑھے چار ارب روپے کوکنگ آئل کی امپورٹ پر خرچ کررہے ہیں جبکہ زیتون کی پیدواری صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے بعد ہم اس کا تین گنا حجم کا خوردنی تیل ایکسپورٹ کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر کسانوں میں کسان کارڈ بھی تقسیم کیا۔ گورنر شاہ فرمان نے زعفران اور زیتون کے فارم کا وزٹ کیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی وزیر زادہ، پی ٹی آئی کے رہنما عبداللطیف،سرتاج احمد خان اور ضلعی صدر سجاد احمد خان بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے رہنما حاجی سلطان نے کسانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کسانوں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا۔ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار اور محکمہ زراعت کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔