گلگت- بلتستان میں آغاخان ہیلتھ سروس، پاکستان کی دو نئی سہولیات کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات کا انعقاد

گلگت(چترال ایکسپریس) آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان کے زیر اہتمام،گلگت میں آغا خان میڈیکل سنٹر کی توسیع اور ہنزہ میں نئے آغا خان ہیلتھ سنٹرکا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات منعقد ہوئیں۔یہ جدید ترین سہولیات گلگت- بلتستان کے لوگوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ صحت کے شعبے میں سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ گولز (SDGs)کے حصول میں حکومت کی کوششوں میں بھی مدد فراہم کرے گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی گلگت- بلتستان کے وزیر اعلیٰ،خالد خورشید نے آغا خان میڈیکل سنٹرگلگت کی توسیع کے موقع پر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سنٹرگلگت- بلتستان میں صحت کی ابھرتی ہوئی ضروریا ت کو پورا کرنے اور بڑھتی ہوئی بیماریوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ابھرتی ہوئی بیماریوں سے نمٹنے،صحت کی خدمات کی فراہمی میں تبدیلی اور صحت کی سہولیات تک رسائی کو ممکن بنا نے کے لیے ہب اور سپوکس ماڈل کو بروکار لایاگیا۔ جس کے تحت چھوٹے مراکز (سپوکس) پیچیدہ کیسز بڑے ہسپتالوں (ہبس) کوریفر کرتے ہیں اورساتھ ہی ماہر ڈاکٹر کی سہولیات سے بھی فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ گلگت- بلتستان میں مثال کے طور پر،اس کا مطلب یہ ہے کہ، ایک صحت کے مرکز میں زیادہ جدید ترین، اعلیٰ درجے کی تشخیصی سہولیات اور علاج کے آلات سمیت صحت کی خدمات پرزیادہ توجہ مرکوزہے۔جیسا کہ خطہ اقتصادی ترقی کے لیے اپنی صلاحیت کا ادراک ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات جیسے چیلنجز کا سامناکرتے ہو ئے کررہا ہے،ایسے میں ہیلتھ کیئر کی ضرورت میں مزید اضافہ ہو گا۔آغا خان میڈیکل سنٹر، گلگت کی توسیع سے 2023تک بیڈز کی تعداد 46 سے بڑھا کر112 کر دی جائے گی اور اسے مکمل طور پرایک جنرل ہسپتال میں تبدیل کر دیا جائے گا۔توسیع کردہ سہولیات میں اکیوٹ اور کرٹیکل کئیر، سی ٹی سکین، ڈرمیٹولوجی، کارڈیالوجی، ڈائیلا سز، اپتھلمولوجی، ٹیلی کنسلٹیشنز، ٹیلی آئی سی یو سہولیات، ایمرجنسی میڈیسن، آکسیجن جنریٹر، فل پی سی آر لیب، اور بلڈ بینک شامل ہوں گی۔

سید امجد علی زیدی، سپیکر، گلگت۔ بلتستان لیجسلیٹوو اسمبلی، آغاخان ہیلتھ سنٹر، علی آباد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے گلگت۔ بلتستان گورنمنٹ اور آغاخان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کی شراکت داری اور ان کی خطے میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کی گئی خدمات کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ، ”اس ہیلتھ سنٹر سے نہ صرف ہنزہ اور اس کے اطراف بلکہ پورے گلگت۔ بلتستان کی عوام کو فائدہ ہوگا۔“

علی آباد،ہنزہ میں 30 بستروں پر مشتمل ایک نئی سہولت کی تعمیر پہلی بامقصد،نجی اور غیر منافع بخش سیکنڈری سطح کی سہولت ہو گی۔ غیر متعدی بیماریوں کے زیادہ پھیلاؤ اور سیاحت کے بڑھتے ہوئے شعبے کے ساتھ اس خطے میں جدید سہولیات سے لیس ہیلتھ کیئر سہولتیں ہنزہ اور اس کے اطراف میں صحت کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

گلگت- بلتستان کی حکومت کی جانب سے حمایت اورتعاون کو سراہتے ہوئے آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ندیم عباس نے کہا: ”گلگت- بلتستان میں بیماریاں بڑھتی جارہی ہیں۔ہمیں تیزی سے غیرمتعدی امراض سے نمٹنے کی ضرورت ہے مثلاً دل کی بیماری اور ذیابیطس۔آغا خان میڈیکل سنٹر، گلگت نے جدید ترین صحت کی دیکھ بھال کی خدمات جیسے ڈائیلاسز، ایک 80 سلائس سی ٹی سکین مشین، ایک مکمل لیس آئی سی یو اور جدید تشخیصی خدمات کی ایک وسیع رینج اور ٹیلی میڈیسن جیسے جدید حل متعارف کروائے ہیں۔“

آغا خان ہیلتھ سروس پاکستان، 1974سے گلگت – بلتستان میں صحت کی معیاری خدمات فراہم کرتی رہی ہے۔ اس سال متعدد نئی خدمات شامل کی گئی ہیں جن میں جدید تشخیصی خدمات، آفتھلموجی، کارڈیو لوجی، نیفرولوجی، یورولوجی اور ڈرماٹولوجی شامل ہیں۔ یہ کووڈ19- ویکسینیشن کی مہم میں بھی حکومت کی مدد کررہا ہے اور اس نے کووڈ19-کے مریضوں کے لیے آئی سی یو سروسز بھی فراہم کیں جنہیں ٹیلی آئی سی یو کی مدد حاصل تھی۔جوکہ خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی سہولت ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔